صدر مملکت،وزیراعظم کی قوم سے قیام وصیام رمضان، تلاوت قرآن کےساتھ ساتھ ،ملک وملت کے لیے خصوصی دعاوں کی درخواست

اسلام آباد:صدر مملکت اور وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام،قیام رمضان،صیام رمضان ، تلاوت قرآن پرخصوصی توجہ دیں،ملک وملت کے لیے خصوصی دعائیں کریں ،اطلاعات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ اللہ ہمارے ملک وقوم کی مدد فرمائے،مشکل گھڑی سے مزید مضبوط اور متحد بنا کر نکالے۔

تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک کے موقع پر اپنے پیغام پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمیں رمضان کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اللہ نے روزے اس لیے فرض کیے تاکہ ہمارے اندر تقویٰ کی صفت پیدا ہو،رمضان المبارک محتاط زندگی کی تربیت کامہینہ ہے،ماہ مبارک میں غریب، نادار،مفلوک الحال طبقات کے مسائل کا احساس کرنا مقصود ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پر کرونا وبا کی روک تھام کے لیے کوشاں ہیں،کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاط ہی روک تھام کا واحد طریقہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی عبادات کی انجام دہی کو ہر ممکنہ حد تک محفوظ ماحول میں یقینی بنانا ہے،رمضان میں ضرورت مندوں اور دیہاڑی دار طبقے کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے موقع پر اپنے پیغام میں رمضان کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کا فضل وکرم ہے ہمیں رمضان کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع ملا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ روزے کا مقصدانسان کے اندر پرہیزگاری،ایثار وہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم انسانیت کرونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے،بڑی بڑی طاقتیں کرونا کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس نازک صورت حال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے،اللہ تعالی اپنا خصوصی کرم وفضل فرمائے،عالم کو اس آزمائش سے نکالے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ ہمارے ملک وقوم کی مدد فرمائے،مشکل گھڑی سے مزیدمضبوط اور متحد بنا کر نکالے۔

Comments are closed.