آرمی چیف جنرل باجوہ سے ترک وزیر دفاع کی ملاقات ،افغان امن عمل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

0
45

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکی کے وزیر دفاع جنرل ہلوسی آکر نے آج ملاقات کی۔

باغی ٹی وی : آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکورٹی تعاون اور علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال بالخصوص افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں نے خطے میں امن اور استحکام کی کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا مہمان خصوصی نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر نونگ رونگ نے بھی ملاقات کی جس میں سی پیک اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی چینی سفیر نونگ رونگ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا ، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور چینی سفیر کی ملاقات میں باہمی دلچسپی اوردفاعی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا-

آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ چینی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور عزم کا اظہار کیا کہ چین بطور اسٹرٹیجک پارٹنر پاکستان کی مدد کرتا رہے گا۔

علاوہ ازیں امریکی سیکریٹری دفاع لائیڈ جے آسٹن نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کیساتھ ٹیلیفون پر بات کی امریکہ نے پاکستان کیساتھ تعلقات بہتر بنانے اور مشترکہ مفادات کیلئے تعاون جاری رکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

دونوں نے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے باہمی اور مشترکہ اہداف پر تبادلہ خیال کیا افغانستان کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

Leave a reply