اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور قومی ہیرو ارشد ندیم نجی ہوٹل سے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔ارشد ندیم کو سرکاری پروٹوکول میں نجی ہوٹل سے وزیراعظم ہاؤس پہنچایا گیا۔
ارشد ندیم وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر اسلام آباد پہنچنے، جہاں ان کو اسٹیٹ پروٹوکول میں وزیراعظم ہاؤس پہنچایا گیا، اور اب ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔دوسری جانب کل ہونے والی یوم آزادی پاکستان کی تقریب میں بھی وہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ شریک ہوں گے۔
پاکستان کے معروف جیولن تھرو ایتھلیٹ اور پیرس اولمپکس 2024کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں انہوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کی۔ارشد ندیم کا اسلام آباد پہنچنے پر گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی اللہ تعالیٰ کی مہربانی، والدین کی دعاؤں اور پوری پاکستانی قوم کی حمایت کا نتیجہ ہے۔ ارشد ندیم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی کامیابی ان کی محنت کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کی دعاؤں کا بھی نتیجہ ہے جنہوں نے ہر قدم پر ان کا ساتھ دیا۔
ارشد ندیم نے اپنے کوچز رشید احمد بھٹی، سیالسن بخاری، اور سمان خان بٹ کا بھی خاص طور پر ذکر کیا، جنہوں نے ان کی تربیت اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے واپڈا کی جانب سے فراہم کی گئی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل سپورٹس سسٹم کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہے اور اس سے ان کے کیریئر کو استحکام ملا۔انہوں نے آئندہ پانچ سالوں کے لیے اپنے مقاصد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے اور ملک کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔ یوم آزادی کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ وہ اس دن کو فخر کے ساتھ پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ منائیں گے۔
ارشد ندیم پاکستان میں کھیلوں کے مستقبل کے لیے امید کی ایک نئی کرن بن کر سامنے آئی ہے، جہاں ان جیسے کھلاڑیوں کی کامیابیاں نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ بن رہی ہیں۔

Shares: