آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ماہنامہ میگزین ”مٹی کی دیوار“ کی پانچویں سالگرہ حسینہ معین ہال میں منعقدکی گئی

0
45

کراچی : آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ماہنامہ میگزین ”مٹی کی دیوار“ کی پانچویں سالگرہ حسینہ معین ہال میں کی گئی جس کی صدارت ڈاکٹر عالیہ امام نے کی، تقریب میں مہمانِ خصوصی رحمت اللہ شیخ سمیت پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ پروین، شاہدہ کنول خورشید ، رانی آپا، سید مشتاق محمد، شعیب احمد ملک، محمد سلیم نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر صدارتی خطبہ میں ڈاکٹر عالیہ امام نے کہاکہ مٹی پر ہمارا بہت بڑا قرض ہے مٹی ہماری سب سے بڑی دولت، خزینہ اور امانت ہے، مجلہ بہت حسین ہے اور امید کرتی ہوں کہ یہ ہماری اور آپ کی فکر کو آگے بڑھاتا رہے گا، انہوں نے کہاکہ ”مٹی کی دیوار“ کی سالگرہ آپ کے ذہنوں کو آگے بڑھائے گی، ذہنی بدنظمی کو نظم اور بے ترتیبی کو ترتیب دے گی، اندھیروں کو ختم کرے گی، مہمانِ خصوصی رحمت اللہ شیخ نے کہاکہ آج کے اس پرفتن دور میں ادب کے لیے جس طرح حنا اور مشتاق کام کررہے ہیں وہ تعریف کے قابل ہیں، پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ پروین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ”مٹی کی دیوار“ گرین ماحول کی نشاندہی کرتا ہے، حنا اس مہندی کو کہتے ہیں جو بہت پسنے کے بعد رنگ لاتی ہے میں حنا آپ نے ہمت نہیں ہارنی، جب رنگ آئے گا تو دنیا دیکھے گی، انہوں نے کہاکہ اگر عورت استقلال سے کام کرے تو وہ زمانوں کو بدل دیتے ہیں، اتنی نفرتوں کے باوجود ہمیں اچھے کام کرنے والوں کی قدر کرنی چاہئے ۔
شاہدہ کنول خورشید نے کہاکہ مشتاق اپنی مٹی سے اس قد رمحبت کرنے والا انسان ہے کہ اس کی 12 کتابوں میں مٹی سے دیوانہ پن نظر آتا ہے، ہمیں ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، معروف ہربلسٹ رانی آپا نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ آج کے ان نامساعد حالات میں ماہانہ میگزین کا باقاعدگی سے نکلنا بہت بڑی بات ہے،اس مشن کو جاری رہنا چاہیے جس کے لیے حنا کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، سید مشتا ق محمد نے کہاکہ شروع شروع میں لوگ ”مٹی کی دیوار“ کے نام کا مذاق اڑایا کرتے تھے جیسے جیسے لوگوں میں شعور بیدار ہورہا ہے مٹی کے لفظی معنی بھی سمجھ آرہے ہیں میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہر قدم پر ہماری رہنمائی کی۔
آخر میں ایوارڈ اور تحائف بھی پیش کیے گئے۔

Leave a reply