آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں گزشتہ دو ماہ سے کورونا سے بچاؤکی ویکسین کا سلسلہ جاری

0
35

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں گزشتہ دو ماہ سے کورونا سے بچاؤکی ویکسین کا سلسلہ جاری ہے، جس میں ملک کی معروف شخصیات ضیاء محی الدین، انور مقصود، اداکار جاوید شیخ، ہمایوں سعید، بہروز سبزواری، میوزیشن، ڈائریکٹر ، تھیٹر اداکار کے علاوہ ممبر اور ان کی فیملیز کو کورونا کی وباء سے بچاؤکے ٹیکے لگائے گئے،اب تک معروف ادیبوں اور فنکاروں سمیت 15ہزار سے زاہد لوگ کرونا سے بچاؤ کا ٹیکہ لگوا چکے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اپنے ایک بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 40لاکھ اور آرٹس کونسل کراچی میں قائم ویکسی نیشن سینٹر سے 15ہزار سے زائد لوگ ٹیکہ لگواچکے ہیں، 60،50،40 کے بعد اب 30 سال سے زائد عمر لوگوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ حکومت سندھ کی طرح ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائیں، اس مد میں آرٹس کونسل کراچی اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے کیونکہ جب تک لوگ بڑی تعداد میں ویکسین نہیں لگوائیں گے کورونا کی وبائ سے باہر آنا مشکل ہے، انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل کراچی میں حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی کے باعث ہم ڈیجیٹل طور پر سرگرمیوں میں مصروف ہیں مگر ہمارا اصل مقصد ابھی زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگانا ہے، پہلے لوگ گھبرا رہے تھے مگر اب صورتحال معمول پر آگئی ہے اور جو حال ہندوستان میں لوگوں نے دیکھا ہے اس کے بعد لوگوں کا رجحان ویکسین لگوانے کی طرف زیادہ بڑھ گیا ہے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بتایا کہ صوبائی وزیر صحت سے ملاقات کے بعد آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تعاون سے پاکستان چیمبر آف کامرس ، کراچی چیمبرآف کامرس ، کورنگی ایسوسی ایشن، سائٹ ایسوسی ایشن، بفرزون ایسوسی ایشن، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن ، جمعیت پنجابی سوداگران میں بھی ویکسی نیشن سینٹر قائم کیے جارہے ہیں تاکہ لوگ بآسانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں، واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے والا ادارہ ہے مگر سیلاب، زلزلہ اور دوسری وبائی آفات سے نمٹنے میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہوتا ہے۔

Leave a reply