بالی وُڈ کے کنگ خان شاہ رُخ خان نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ان کے بیٹے آریان کو اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
باغی ٹی وی : بھارتی شوبز ویب سائٹ ” پنک ولا” کے مطابق شاہ رُخ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ان کے بیٹے آریان خان کو اداکاری سے بلکل دلچسپی نہیں البتہ وہ فلم سازی کے تخلیقی پہلو کی طرف مائل ہیں آریان بطورِ مصنف بالی وُڈ میں ڈیبیو کریں گے اور انہوں نے اس پر کام بھی شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آریان نے ایک ویب سیریز اور ایک فیچر فلم لکھنے سے اپنے کیرئیر کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اس ویب سیریز کے لئے ایمیزون پرائم اور فیچر فلم کو ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ نے بینک رول کیا ہے۔
ایمیزون پرائم سیریز کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ ایک ڈائی ہارڈ مداح کی زندگی کے بارے میں ہے جس میں کچھ سنسنی خیز مناظر دیکھنے کو ملیں گے تاہم فیچر فلم کے حوالے سے اب تک کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
اس وقت آریان خان ریڈ چلی فلم کے لکھاری بلال صدیقی کے ہمراہ فلم اور ویب سیریز کے لیے اسکرپٹ لکھنے میں مصروف ہیں اور ابھی فوری طور پر کہنا قبل از وقت ہے کہ کب تک آریان خان کی ہدایت کاری میں بنی فلم یا ویب سیریز ریلیز ہوگی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک آریان خان کی جانب سے ویب سیریز یا فلم بنائے جانے کی تصدیق کردی جائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
شاہ رُخ خان کی بیٹی سوہانا بھی زویا اختر کی ہدایتکاری میں جلد نیٹ فلکس کی ایک ویب سیریز میں اپنا ڈیبیو کرنے والی ہیں چہ مگوئیاں ہیں کہ ممکنہ طور پر آریان خان کی فلم یا ویب سیریز میں ان کی بہن سہانا خان بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی، تاہم اس حوالے سے بھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں بالی وُڈ کنگ خان شاہ رُخ بھی کئی مرتبہ اپنی لکھنے میں دلچسپی اور لکھنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں تاہم شاہ رُخ کے بیٹے آریان ان کی یہ خواہش پوری کرنے کے لئے جلد بالی وُڈ میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔