تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے صوبائی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد اور مرکزی راہنما ریاض فتیانہ کے ہمراہ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔

پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری ملاقات میں شریک تھے۔ پی اے ٹی کے راہنماؤں نے تحریک انصاف کے قائدین کو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی اے ٹی خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کا معاملہ جوں کا توں ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ شہداء کے ورثاء کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ نظام انصاف میں بہت بگاڑ آچکا ریفارمز کے بغیر تبدیلی ناممکن ہے۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسدعمر نے کہا کہ انصاف کے بول بالا کے بغیر خوشحال اور پرامن پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ہم نے ساڑھے تین سالہ اقتدار سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ محب وطن اور دردمند پاکستانیوں کو ملک و قوم کو سیاسی، سماجی، معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی فروغ علم و امن کے لئے قومی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ میں منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تقاریب میں شرکت کرتی رہتی ہوں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے کارکنان کی بہترین تربیت کی ہے۔

زرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے عوامی تحریک سے ضمنی الیکشن میں حمایت حاصل کرنے کیلئے ملاقات کی تاہم عوامی تحریک نے پی ٹی آئی رہنماوں کو داکتع طاہرالقادری سے مشاورت کے بعد حمایت کا اعلان کرنے کا کہا ہے.

Shares: