آصف زرداری کو معمول کے چیک اپ کیلئے ہسپتال لیجایا گیا، ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے. نیب کا اعلامیہ
قومی احتساب بیورو(نیب) نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو معمول کے چیک اپ کیلئے راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا گیا تھا اور یہ کہ ان کی صحت مکمل طور پر ٹھیک ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیب کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے طبی معائنہ کیلئے دو میڈیکل بورڈ بنائے گئے ہیں. پمز اور پولی کلینک کے میڈیکل بورڈ ملزم کا طبی معائنہ کرتے ہیں۔ آج شب میڈیکل بورڈ کی سفارش پر معمول کے چیک اَپ کے لئے انہیں آر ائی سی لے جایا گیا تھا اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے.
واضح رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی نیب حراست میں اچانک طبیعت بگڑنے پر نیب کے افسران انہیں لے کر اسلام آباد ڈائیگناسٹک سنٹرپہنچ گئے جہاں ان کا چیک اپ کیا گیا. اس دوران کہا گیا تھا کہ آصف زرداری کا بلڈ پریشر ہائی ہوا تھا جس پر ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی. رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے سابق صدر کو پہلے اسلام آباد ڈائیگنا سٹک سنٹر اور پھر بعد میں سرکاری ہسپتال راولپنڈی کارڈیالوجی لیجایا گیا تاہم یہ بھی کہا گیا کہ اس موقع پر آصف علی زرداری نے کراچی کے ہسپتال منتقل کرنے پر اصرار کیا ہے. یاد رہے کہ آصف زرداری اس وقت میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی زیر حراست ہیں. اطلاعات کے مطابق راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سینئرڈاکٹرزکی ٹیم بھی طلب کی گئی ہے.