اسلام آباد :دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹوئیٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ،اطلاعات کے مطابق دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹوئیٹر پر دوسرے روز بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، ہیش ٹیگ آسیہ اندرابی کے ساتھ یکجہتی ٹاپ ٹرینڈ بنا جس میں ہزاروں افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عظیم خاتون کو خراج تحسین پیش کیا،

کشمیر یوتھ الائنس کے چیئرمین سعد ارسلان صادق اور سیدہ آسیہ اندرابی کے بھانجے اور کشمیر یوتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی کی اپیل پر دوسرے روز بھی سوشل میڈیا پر پاکستانی نوجوانوں نے باہمت خاتون کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہوئے بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ اس سے قبل کشمیر یوتھ الائنس کی سفارش پر سینیٹ میں آسیہ اندرابی سے اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی قرارداد پیش کی گئی اور عظیم رہنما کو سینیٹ کی جانب سے سلام پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ کشمیر کی خاتون علیحدگی پسند رہنما اور دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی اور ان کی دو ساتھی خواتین کو تہاڑ جیل کے بدنام زمانہ سزا وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔ جس کے بارے میں ان کے بیٹے محمد بن قاسم نے ٹویٹ کرکے آگاہ کیا۔

Shares: