عاطف اسلم نے ایک بار پھر پاکستان کے مشہور میوزک پلیٹ فارم کوک اسٹوڈیو کے سیزن 12 میں انٹری کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
کوک سٹوڈیو نے جہاں دنیا بھر میں اپنا سکہ چلایا ہے وہی اس نے کئی ٹیلینٹ سے بھر پور لوگوں کو بھی متعارف کرایا ہے اور کئی دلفریب آوازوں کو روشناس کروایا ہے.
کوک اسٹوڈیو کے سیزن 8 میں سب سے زیادہ پسند کئے جانے والا عاطف اسلم کی جادوئی آواز میں پڑھا گیا صوفی کلام "تاجدارِ حرم” آج بھی لوگوں کے دلوں میں تازہ ہے تاہم سیزن 8 کے بعد سے کوک اسٹوڈیو اپنی پہچان بر قرار نہ رکھ سکا اور نہ ہی نئے سیزن کو اتنی پزیرائی مل سکی ہے.
اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ کوک اسٹوڈیو کو اپنا کھویا مقام دلانے کے لئے عاطف اسلم بھی میدان میں آگئے ہیں۔ جوکہ اس سیزن 12 میں ایک بار پھر اپنی آواز کا جادو دکھاتے نظر آئیں گے اور اس کی تصدیق خود انہوں نے کر دی ہے۔
انسٹاگرام پر عاطف اسلم نے مداحوں کو بتایا کہ میں کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کا لازمی حصہ ہوں کیوں کہ میں نے ان کے ساتھ کئی دھنیں بنانے کے لئے کام کیا ہے جس میں ذکر، خیال گائیکی اور پاپ گلوکاری ہے۔
یاد رہے کہ نئے آنے والے سیزن کو منفرد بنانے کے لئے ابرار الحق اور علی سیٹھی بھی اپنی آواز کا جادو دکھائیں گے اور ساحر علی بگھا، زیب بنگش اور عائمہ بیگ کی انٹری کی خبریں بھی گردش میں ہیں۔ کوک اسٹوڈیو کا سیزن 12 رواں سال اکتوبر میں نشر کیا جائے گا.