قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپریل 2022 کو ملک کی اہم ترین ذمہ داری سنبھالی تھی جو اب اگست 2023 کو پوری ہورہی ہے اور ہم اگست میں معاملات نگراں حکومت کوسونپ دیں گے، 15 ماہ میں 4 سال کی بربادی کا ملبہ صاف کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان کے مفادات کی راہ میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کی ہیں، سازشوں کے باوجود ملک کو بحرانوں سے نکالا، 15ماہ میں ایک ناامیدی سے امیدی کی طرف سفر تھا، سب ختم ہوجانے سے کچھ حاصل ہونے کا سفر تھا، 15ماہ کا سفرعوام کو کچھ ریلیف فراہم کرنے کا سفر تھا۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت محدود ترین مدت کی حکومت تھی اور مختلف سازشوں کے باوجود ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، سابق حکومت نے آئی ایم ایف شرائط توڑی تھیں اور ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا تھا لیکن ہم نے سابق حکومت کی ناپاک خواہشات کو مٹی میں ملا دیا ہے، میں دوست ممالک کا خلوص دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، دوست ممالک نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا مشکورہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم قرض مانگ مانگ کر اپنی ساکھ مجروح کرچکے ہیں، ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے، ہم نے معاشی پروگرام ترتیب دے دیا ہے، بیرون ممالک سے سرمایہ کاری کی راہیں ہموار ہورہی ہیں، ہم اجتماعی دانش سے منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں گے۔ قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی عالمی ریٹنگ بھی بہتر ہوئی ہے، پاکستانی روپے کی قدر میں بتدریج بہتری آرہی ہے، زراعت کے لیے کسانوں کے لیے پیکج لارہے ہیں، 80 ارب روپے کی لاگت سے نوجوانوں کے لیے پروگرام کا آغاز کیا ہے، بلاسود قرض اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے جارہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
کبری خان اور میں شادی نہیں کررہے گوہر رشید
فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر
علی امین گنڈاپور کے گھر کی بجلی واجبات کی عدم ادائیگی پر کاٹ دی گئی
ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں مزید بہتری
شہر یار آفریدی کی ہمشیرہ انتقال کر گئیں
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ ہم کشکول توڑ دیں، ہمیں محتاجی کی زنجیریں توڑنا ہوں گی، محنت سے ہی محتاجی کی زنجیریں کاٹی جاسکتی ہیں، دعا کرتے ہیں کہ 9 مئی جیسا یوم سیاہ پھر نہ ہو۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف ملک کو ترقی کی راہ پر لائے تھے، پھر ملک کو ترقی کی راہ پر لائیں گے، پہلے کی طرح مہنگائی کم کریں گے اور امن وامان بحال کریں گے، آئیں نفرتیں مٹائیں اور ایک ہوجائیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف کے قوم سے خطاب پر ترجمان تحریک انصاف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا خطاب کارکردگی پر پردہ پوشی کی مایوس کن کوشش ہے، 15 ماہ کے بعد قوم جان چکی کہ شہباز شریف شعبدہ باز ہے، انہوں نے ترقی کرتی معیشت کو 0.3 فیصد پر پہنچادیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک کو دہشت گردی اور بدامنی کے سپرد کیا، موجودہ حکومت میں ساڑھے 8 لاکھ افراد ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے، 15 ماہ میں آئین پامال اورنیب سمیت قومی اداروں کوتباہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف ڈیل پی ٹی آئی کی حمایت سے میسر ہوسکی، سیاست اور ریاست کوعوام کی منشاء کے تابع کیا جائے۔

Shares: