یورپ :کورونا وبا کی چوتھی لہر،آسٹریا میں ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان
ویانا: عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر نے یورپ میں خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جس کے بعد آسٹریا نے ملک گیر لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔
باغی ٹی وی : غیر ملکی خبررساں” نیویارک ٹائمز” کے مطابق آسٹریا یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے باقاعدہ قانون سازی کے تحت کووڈ 19 ویکسین کو عام افراد کے لیے لازم قرار دیا ہے اعلان کردہ لاک ڈاؤن کا نفاذ پیر سے کیا جائے گا۔
آسٹریا کے چانسلر الیگزینڈر شیلن برگ نے اس ضمن میں کہا ہے کہ کورونا لاک ڈاون زیادہ سے زیادہ 20 روز کے لیے نافذ کیا جا رہا ہےالیگزینڈر شیلن برگ کے مطابق یکم فروری کے بعد ہر ایک کے لیے ویکسین لگانا لازمی ہو گا۔
حکومتی اعلان کے تحت لاک ڈاؤن کے دوران بچے گھروں سے آن لائن کلاسز لیں گے، ریسٹورینٹس اور اسٹورز مکمل طور پر بند رہیں گے اور ثقافتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے یورپ میں کورونا وبا کی بگڑتی صورت حال پر وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ خدشہ ہے اکتوبر نومبر میں یورپ کورونا وبا سے مزید شدید متاثر ہوگا اور ہلاکتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔
یورپ میں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ہانس کلوگ کا کہنا تھا کہ یہ ایسا وقت ہے کہ کئی ممالک بری خبر سننا نہیں چاہتے، ہم ان کی یہ خواہش سمجھ سکتے ہیں یہ تاثر کہ ویکسین آنے سے وبا ختم ہو جائے گی ایسا ہرگز نہیں، ہم یہ نہیں جانتے کہ ویکسین ہر فرد کے لیے یکساں کارآمد ہوگی عالمی وبا کا اختتام تب ہو گا جب ہم اس کے ساتھ جینا سیکھ لیں گے۔