آٹوموبائل انڈسٹری کوقومی معشیت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے،سیکرٹری صنعت

0
83

سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ آٹوموبائل انڈسٹری کوقومی معشیت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے تاہم جی ڈی پی میں اس کاشیئر بڑھانے اور گلوبل مارکیٹ میں اپنا مناسب حصہ حاصل کرنے کیلئے حائل مشکلات اور چیلنجز کودور کرنا ہوگا، یہ سیکٹر ویلیو ایڈڈ ایکسپورٹس کے شاندار مواقع فراہم کررہا ہے اس لئے پنجاب حکومت آٹوموبائل انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے.

سیکرٹری صنعت و تجارت نے یہ بات پاپام کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں صنعتی سیمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت صنعتوں کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، پنجاب میں سرمایہ کاری دوست ماحول موجود ہے،آٹوموٹواور انجینئرنگ سیکٹر سمیت انڈسٹری کے فروغ کیلئے سازگار فضا موجود ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے میں 10 سپیشل اکنامک زونزز فنکشنل ہیں اور تین نئے اکنامک زونزز کیلئے وفاقی حکومت کو سفارشات بھجوائی گئی ہیں، ان خصوصی اقتصادی زونز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع موجود ہیں.

انہون نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاروں کیلئے 24سمال انڈسٹریل اسٹیٹس بھی موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور آٹوموبائل اور انجینئرنگ سیکٹر کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اسی طرح تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، میر چاکر خان یونیورسٹی ڈی جی جی خان اور رسول یونیورسٹی منڈی بہاؤ الدین اعلیٰ معیار کے ٹیکنالوجسٹس پیدا کررہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ اکیڈمیا اور صنعت کے مابین روابط بڑھائے جائیں، سیکرٹری صنعت و تجارت نے سیمنار کے انعقاد پرپاپام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے سیمنار پالیسی سازی کے عمل میں معاون ثابت ہوتے ہیں، اس سیمپوزیم میں سامنے آنے والی سفارشات سے استفادہ کیا جائے گا.

سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے تین روزہ پاکستان آٹوشو کے انعقاد کو بھی خوش آئند قرار دیا، اس ایونٹ میں مقامی اور عالمی 153سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں، کاریں، ٹریکٹر اور موٹر سائیکل بنانے والی فیکٹریوں کے علاوہ آٹوپرزہ جات بنانے والے کارخانوں نے سٹالز لگا رکھے ہیں. چئیرمین پاپام عبدالرزاق گوہر، چیف آرگنائزر سیمپوزیم افتخار احمد اور دیگر نے بھی سیمنار سے خطاب کیا جبکہ صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے سیمنار میں شرکت کی.

Leave a reply