عوام کو کسی صورت مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،صوبائی وزیر

لاہور،صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے سہولت بازاروں اور دیگر مارکیٹوں کے دورے میں
آٹا،چینی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی دستیابی،معیار اور قیمتوں کاجائزہ لیا،صوبائی وزیر نے بعض دکانوں پر ریٹ لسٹیں آویزاں نہ ہونے پر انتظامیہ اور متعلقہ افسران کی سرزنش کی میاں اسلم اقبال نے سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کی سہولت کے لئے ہر دکان پر ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں ہونی چاہیے۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے مارکیٹوں کے دورے جاری رکھوں گا،افسران بھی فیلڈ میں نکلیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو کسی صور ت مہنگائی مافیا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا،عوام کا استحصال کرنے والے ہر مافیا کو شکست دیں گے۔

صوبہ بھر میں قائم سہولت اور ماڈل بازاروں سے عام آدمی کو ریلیف مل رہا ہے۔ ان بازاروں میں معیاری اشیاء ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ انتظامیہ اور متعلقہ افسران اشیاء ضروریہ کی مقرر نرخوں پر فراہمی یقینی بنائیں۔ سستے سہولت بازاروں کا قیام تحریک انصاف کی حکومت کا عوام کو ریلیف دینے کی فراہمی کا بڑا اقدام ہے۔ تمام سہولت بازاروں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا،مارکیٹوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے۔

Comments are closed.