عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے مفت علاج فراہم کریں گے،سلمان رفیق

0
47

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب کی عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے مفت علاج کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہیلتھ انشورنس وزیراعظم شہبازشریف کا برین چائلڈ ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہبازشریف اور وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازعوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرناچاہتے ہیں۔ پنجاب کی عوام کو علاج کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے مزید ہسپتالوں کو تیزی سے ام پینل کیاجارہاہے،پنجاب کے خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے بون میروٹرانسپلانٹیشن کی سہولت بھی دیناچاہتے ہیں،پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں رات سے صبح تک ڈاکٹرزکی حاضری اور مریضوں کو علاج کی بہترسہولت دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کی خاطرخودفیلڈمیں نکلناہوگا۔ پنجاب میں منتخب شدہ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں اسٹیٹ لائف کے عملہ کو مریض کے بہترعلاج کو یقینی بناناہوگا۔عوام کی جانب سے یونیورسل ہیلتھ انشورنس سے متعلق شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیاجائے گا۔پنجاب کے منتخب شدہ مختلف ہسپتالوں کا دورہ کرکے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ذریعے مریضوں کے علاج کو مانیٹرکیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علماء کرام سے مساجدمیں خطبات کے ذریعے عوام میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس بارے آگاہی پیداکرنے کی اپیل کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ذریعے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سیکیورٹی،آئی ٹی اور بائیومیڈیکل مشینوں کی کارکردگی کا جائزہ لیاجارہاہے۔ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز تمام سرکاری ہسپتالوں کو سولرانرجی پرمنتقل کرناچاہتے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے مزید تیس تحصیل ہیڈکواٹرزہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں جلدنصب کردی جائیں گی۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹرزکی صفائی کا ہیلتھ کئیرکمیشن کے ذریعے جائزہ لیاجائے گا۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو صاف ستھراماحول دستیاب ہوگا۔سرکاری ہسپتالوں کے بلڈ بنکس کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کے انتظامات کاجائزہ لیاجائے گا۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کیلئے تمام ترتوجہ مرکوزکرنی ہوگی،کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کی طرزپر پنجاب کے دیگرہسپتالوں میں ٹیلی میڈیسن کا نظام رائج کریں گے۔

صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے بارے میں اہم اجلاس منعقد ہوا.اجلاس میں پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی اور اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران یونیورسل ہیلتھ انشورنس کیلئے مزیداقدامات کاجائزہ لیا۔اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے افسران نے صوبائی وزیرکو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کیلئے پنجاب کے مزید ہسپتالوں کوام پینل کرنے اور علاج معالجہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

علاوہ ازیں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا،اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرصالحہ سعید اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران پراجیکٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری صالحہ سعید نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیاجارہاہے۔

Leave a reply