لاہور: اظہرعلی کی تنزلی اورمصباح الحق کی چھٹی :سبب وزیراعظم سےملاقات؟یاکرکٹ بورڈ میں اختلافات ؛ اہم وجہ سامنے آگئی ،اطلاعات کے مطابق ےروزگارکرکٹرزکا مقدمہ پیش کرنااظہرعلی کو مہنگا پڑگیا، ،اطلاعات کے مطابق بے روزگارکرکٹرز کا مقدمہ لڑنا اظہرعلی کو مہنگا پڑگیا جب کہ وزیر اعظم سے ملاقات کی ’’پاداش‘‘ میں ٹیسٹ کپتانی ہی خطرے میں پڑ گئی۔
نئے ڈومیسٹک سسٹم نے سیکڑوں کرکٹرز کی بے روزگار کر دیا ہے، ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنے کے معاملے پر بات چیت کا ارادہ لیے ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق،ٹیسٹ کپتان اظہر علی اورآل راؤنڈر محمد حفیظ وزیر اعظم و چیف پیٹرن پی سی بی عمران خان سے ملاقات کیلیے گئے تھے،اس دوران اسلام آباد میں موجود بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی اس میٹنگ میں شریک ہوگئے۔
عمران خان نے اس موقع پر کرکٹرز کے موقف کو تسلیم نہیں کیا لیکن پی سی بی کو یہ بات ناگوار گزری کہ تنخواہ دار ہونے کے باوجود کرکٹرز نے بغیر اطلاع کیے اپنے طور پر وزیر اعظم سے ملاقات کیوں طے کی،سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ نہ ہونے کی وجہ سے محمد حفیظ تو بچ نکلے،دیگر دونوں کرکٹرز سے باز پرس ہوئی،مصباح الحق فی الحال چیف سلیکٹر کا عہدہ گنوا بیٹھے ہیں،سابق کپتان نے زمبابوے سے سیریز کیلیے اسکواڈ کا انتخاب کیا،دورئہ نیوزی کیلیے کھلاڑیوں کی سلیکشن ان کی آخری ذمہ داری ہوگی۔
اگرچہ مصباح نے پریس کانفرنس میں کہاکہ ان کے ایک عہدہ چھوڑنے کی وجہ وزیر اعظم سے ملاقات نہیں لیکن ذرائع یہی بتاتے ہیں کہ ان کے حکام سے تعلقات اب مثالی نہیں رہے، دوسری جانب اظہر علی کا ستارہ بھی گردش میں آگیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کپتان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اس سے قبل ان کی پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان سے ملاقات بھی ہوچکی،ان کو قیادت سے ہٹاکر بابر اعظم کو ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے۔