وزیر اعظم عمران خان قوم سے کئے ہوئے وعدے پورے کر رہے ہیں ، ایم پی اے ملک شاہ محمد خان
بنوں ۔ 30 جولائی (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف پی کے89بنوں کے ایم پی اے ملک شاہ محمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے کئے ہوئے تین بڑے وعدے پورے کئے ہیں مولانا فضل الرحمن کے بغیر حکومت بنائی ہے سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت کرپشن پر بڑے بڑے سیاستدانوں کو جیلوں میں بند کردیا ہے اور امریکہ سمیت تمام ممالک میں پاکستان کو عزت دی ہے اور باقی وعدے بھی انشاء اللہ جلد پورے کریں گے موجودہ مہنگائی کی ذمہ داری سابقہ حکومتوں پر عائد ہوتی ہے سابقہ حکمرانوں کے کرپشن کی وجہ سے پاکستان قرضوں کے دلدل میں ڈوب گیا وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ایک عظم فلاحی ریاست بنے گا وزیر اعظم عمران خان نے مشکل وقت میں اقتدار سنبھالا ہے لیکن ان کا حوصلہ بلند ہے اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج عوام کے مسائل کے حل کیلئے نہیں بلکہ جمہوری نظام کی گاڑی کو پٹڑی سے اتارنے کیلئے ہے لیکن عوام کے سامنے ان کا چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے 25مئی کی طرح اکتوبر کا ڈرامہ بھی فلاپ ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ اقتدار پرست علماء وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دن رات ناکام سازشیں کررہے ہیں مولانا فضل الرحمن اقتدار سے الگ ہونے پر ماہی بے آب کی طرح تڑپ رہے ہیں اور ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں کہ وہ کسی طرح بھی ایوان اقتدار کا مکین بنے لیکن انشاء اللہ 2023 میں بھی ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی جب تک عمران خان زندہ ہیں کوئی کرپٹ سیاستدان نہیں بچے گا ۔