گجرات (چوہدری فیضان ارشاد سے)
گجرات:گلیانہ کے علاقہ میں نوجوان کا اندھا قتل، پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چند گھنٹو ں میں واردات ٹریس کرکے شاطر قاتل گرفتار کرلیا
تفصیلات کے مطابق مسمی محمد یاسین ولدغلام حسین ساکن ڈھل گہڑ نے تھانہ گلیانہ پولیس کو اطلاع دی کہ اس کا 21 سالہ بیٹا محمد حسنین شام کو گھر سے باہر نکلا ہوا تھا، جو رات بھر گھر واپس نہیں آیا،ہمیں شبہ ہے کہ میرے بیٹے کو نامعلوم ملزمان نے اغواء کرلیا ہے۔ اس اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ گلیانہ عدنان عباس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ واقعہ کے متعلق ڈی پی او گجرات توصیف حیدر کو بھی آگاہ کیا گیا جنہوں نے ڈی ایس پی کھاریاں اسد اسحاق کی سربراہی میں پولیس ٹیم تشکیل دے کر انہیں ہدائیت دی کہ مقدمہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جائے اور واردات میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے ملزمان کو ٹریس کیا جائے۔ ڈی پی او گجرات کی ہدائیت پر ڈی ایس پی کھاریاں اور ایس ایچ او تھانہ گلیانہ عدنان عباس نے مقدمہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔جو دوران تلاش پولیس ٹیم کوموضع بیگہ کے قریب کھیتوں سے ایک موٹر سائیکل اور مغوی کا جوتا ملا، جس سے کچھ فاصلے پر کافی خون بھی پڑا ہوا تھا۔ پولیس ٹیم نے ان شواہد کو قبضہ میں لے کر واقعہ کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تفتیش شروع کی۔ جو پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور ٹیکنالوجی کی مدد سے چند گھنٹو ں میں اغواء کاڈراپ سین سامنے آگیا۔مغوی محمد حسنین کو ملزمان محمد محسن ولد محمد اکرم اور ذیشان عرف شانی ولد محمد احمد اقوام بٹ سکنائے ڈھل گہڑ نے وقوعہ کی رات گھر سے بلا کراغواء کرلیا اور بعد ازاں کھیتوں میں لے جا کر بذریعہ فائر قتل کردیا تھا۔ شاطر ملزمان نے مقتول کی نعش کو زمین میں گڑھا کھود کر دفنا دیا تھا تاکہ کوئی سراغ نہ بچے،قاتل کوئی اور نہیں مقتول کا کزن نکلا۔ پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت سے واردات ٹریس کرکے مرکزی ملزم محمد محسن کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ ساتھی ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں،جسے جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ڈی پی او گجرات توصیف حید ر نے کہا ہے کہ قاتل کتنا ہی شاطر اور چالاک کیوں نہ ہو،وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔قتل کی اس اندھوناک واردات میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

Shares: