گجرات کے انقلابی منصوبے سیف سٹی کی پروقارافتتاحی تقریب،مہمان خصوصی قائم مقائم گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے تاریخی منصوبے کا آپریشنل افتتاح کیا

گجرات (چوہدری فیضان ارشاد سے)
گجرات کے انقلابی منصوبے سیف سٹی کی پروقارافتتاحی تقریب،مہمان خصوصی قائم مقائم گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے تاریخی منصوبے کا آپریشنل افتتاح کیا
تفصیلات کے مطابق پولیس لائنز گجرات میں سیف سٹی کے جدید ترین کنٹرول روم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس کے مہمان خصوصی قائم مقام گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی تھے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض PSOانسپکٹر عامر ملک نے ادا کئے۔تقریب کے شرکا ء میں ریجنل پولیس آفیسرگوجرانوالہ طارق عباس قریشی،ڈی سی گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد ،ممبران پارلیمنٹ ضلع گجرات،پولیس افسران، صدر ڈسٹرکٹ بار،صدر چیمبر آف کامرس،سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کے چیئرمین و ممبران،صدورتاجربرادری،میڈیا کے نمائندے اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔
پرسنل سٹاف آفیسر انسپکٹر عامرملک نے تقریب کے شرکاء کومنصوبہ کے بارے تفصیلی بریفنگ دی، جس کے مطابق ضلع بھر میں کل 1000کے قریب CCTVکیمرے نصب کئے جائیں گیجبکہ100سے زائدکیمرے نصب کردئیے گئے ہیں جن کو برائے راست پولیس خدمت مرکز سے ملحقہ جدید ترین کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے جہاں پر 24گھنٹے کیمروں کی مانیٹرنگ کی جائے گی جس کے لیے الگ سے عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ جبکہ باقی منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او گجرات توصیف حیدر نے کہا کہ سیف سٹی جیسے انقلابی منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی اورتاجر برادری نے نمایا ں کردار اد اکیا ہے۔جوکہ بلاشبہ گجرات کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے۔محفوظ گجرات منصوبہ کی بدولت نہ صرف جرائم کو ٹریس کرنے میں مدد ملے گی بلکہ جرائم پیشہ افراد کی گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ طارق عباس قریشی نے بھی اس موقع پر محفوظ گجرات منصوبے کے تمام شراکت داروں گجرات پولیس،ضلعی تاجر برادری اور سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کو خصوصی مبارک باد دی اور کہاکہ یہ منصوبہ جدید پولیسنگ کی طرف اہم سنگ میل ثابت ہوگا جس کے ثمرات آنے والے دنوں میں شہریوں کو حاصل ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام گورنر و سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک کے چند بڑے شہروں میں گورنمنٹ فنڈڈ سیف سٹی پروجیکٹس چل رہے ہیں۔گجرات میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔جس کی کامیاب تکمیل پر میں ڈی پی او توصیف حیدر، سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی گجرات اورضلع کی تاجر برادری کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،جنہوں نے انتہائی مختصر عرصہ میں ایک عظیم الشان منصوبہ پر دن رات کام کرکے اسے عملی جامہ پہنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے پولیس کی کاکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ بھی ممکن ہو سکے گا۔

Leave a reply