سرگودہا: ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے علماءاور اکابرین مسالک پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس آرڈی نینس کی پاسداری کرتے ہوئے مساجد میں جمعہ ودیگر اجتماعات کو محدود رکھیں ۔کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویش ناک ہے جبکہ انتظامات میں وسعت وسائل کی حد تک دی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماءکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بلال فیروز جوئیہ ‘ قاری احمد علی ندیم ‘ قاری وقار عثمانی ‘ قاری طاہر کرمانی ‘ بشیر خان بلوچ ‘ عرفان اللہ ثنائی ‘ ریاست علی فیروزی ‘ مولانا اکرم طوفانی ‘ مولاناطاہر مسعود ‘قاری نگاہ مصطفی ودیگر بھی شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ کورونا ایک مہلک مرض ہے جس کا شکار ڈاکٹر او رطبی عملہ بھی ہو رہا ہے ۔انتظامیہ او رمحکمہ صحت کے افسران واہلکار عوام کی بحالی کیلئے دن رات ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں ۔عوام جتنا سماجی دوری اختیار کریں گے یہ مرض اتنا ہی جلد کنٹرول میں رہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی منصوبہ بندی کے تحت زائرین اور تبلیغی افراد کو انتظامی میزبانی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ان کی بحالی تک دیکھ بھال کافریضہ انجام دیاجارہاہے ۔ انہوں نے مساجد کی روزانہ کی بنیاد پر انسداد کورونا وائرس کے مطابق دھلائی وصفائی کی ضرورت پر زور دیا ۔علماءکے مطالبہ پر انہوں نے بڑی مساجد میں ریسکیو 1122 کے ذریعے سپرے کروانے کا اعادہ کیا تاہم انہوں نے علماءپر زور دیا کہ وہ چھوٹی مساجد میں سپرے کا انتظام مساجد کمیٹیوں کے ذریعے یقینی بنائیں ۔انہوں نے رمضان المبارک میں تراویح کے ضمن میں علماءکے خدشات پر بتایاکہ حکومت اس ضمن میں منصوبہ سازی کر رہی ہے اور رمضان سے قبل اقدامات کو حتمی شکل دے دی جائیگی۔انہوں نے علماءکو منبر ومحراب کے ذریعے عوام میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے ضمن میں انتظامیہ سے بھر پور تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زورد یا ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے جان ومال انتظامیہ کی ذمہ داری ہیں اور انتظامیہ اس سے غافل نہیں ۔اس موقع پر اظہار خیال کر تے ہوئے قاری احمد علی ندیم ‘ ریاست علی فیروزی ‘ طاہر کرمانی ودیگر نے انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران کی شب وروز کی کاو شوں او رانتھک محنت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا او راپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
٭٭٭٭٭

Shares: