سرگودھا، رواں مالی سال میں مختلف محکموں کی 212 سکیموں پر چار ارب روپے کے فنڈز خرچ کئے جاچکے ہیں

0
102

(بھیرہ وقاص باغی ٹی وی )رواں مالی سال میں مختلف محکموں کی 212 سکیموں پر چار ارب روپے کے فنڈز خرچ کئے جاچکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنرسرگودھا عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں تعمیراتی سرگرمیوں پر عائد پابندی ہٹانے کے بعد ضلع بھر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر دوبارہ کام شروع کر دیاگیاہے۔ ضلع بھر میں مختلف محکموں کی 27 ارب 73 کروڑ تخمینہ کی 212سکیموں پر کام جاری ہے۔ رواں مالی سال کیلئے ان سکیموں کے مختص کردہ تین ارب 92 کروڑ پچاس لاکھ روپے کے فنڈزمیں سے 2 ارب 26کروڑ 90لاکھ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ وہ ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رائے یاسر بھٹی او رڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق نیازی کے علاوہ تعمیراتی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرا م کے تحت تعمیراتی محکموں کی 25ارب 19کروڑ روپے تخمینہ کی 175 سکیموں کے علاوہ دو ارب 54 کروڑ دس لاکھ تخمینہ کی نئی 37سکیموں پر کام جاری ہے۔ ان سکیموں میں فراہمی ونکاسی آب کی 85‘لوکل گورنمنٹ کی دس‘ روڈ کی 60‘ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی 19‘ سکول ایجوکیشن کی آٹھ‘ ہائیر ایجوکیشن کی آٹھ‘ سپیشل ایجوکیشن کی دو‘ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر کی پانچ‘ محکمہ صحت کی سات‘ جنگلات‘ معدنیات‘ انفارمیشن اینڈ کلچر‘ ہیومن رائٹس افیئر‘ اثارقدیمہ کی ایک ایک‘ انہار کی تین سکیموں پر کام جاری ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیاکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام فیزون کی محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ‘ لوکل گورنمنٹ‘ ہائی ویز او ربلڈنگ کی60میں سے 51 سکیموں کو مکمل کیاجاچکاہے جبکہ فیز ٹو کی پچا س کروڑ تخمینہ کی 73 سکیموں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس طرح وزیر اعظم کے ترقیاتی پروگرام فیز ون کے تحت فیسکو‘ ہائی ویز او رپبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 83 میں سے 35سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ دیگر پر کام برق رفتاری سے جاری ہے جبکہ فیز ٹو کی 105 منظور کردہ سکیموں میں سے 13سکیمیں فعال ہو چکی ہیں۔ نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے فیز ون کی تمام چھ سکیموں کو مکمل کر نے کے بعد فیز ٹو کی 9سکیموں پر کام کاآغاز کر دیاگیا ہے۔ اجلاس میں تعمیراتی محکموں کے افسران نے لاک ڈاؤن میں مسافر گاڑیوں کی بندش او رگندم کی کٹائی کی وجہ سے مزدوروں کی کمی کی طرف توجہ مبذول کروائی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے منصوبہ جات مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کوالٹی او رکوانٹی پر بھی خاص توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس ضمن میں کوئی عذر قبول نہیں کیاجائیگا۔

Leave a reply