بھیرہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرہ میں انتھسیزیا سپیشلسٹ نہ ہونے کی بنا پر آپریشن تھیٹر ایک مدت سے غیر فعال ہے جبکہ چند روز قبل ہسپتال میں تعینات ہونے والی گائناکالوجسٹ کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے یہ بات ڈپٹی کمشنر سرگودھا عبداللہ نیئر شیخ اور اسسٹنٹ کمشنر محمد مرتضیٰ کو گزشتہ روز میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محبوب احمد گوندل نے ہسپتال کے دورہ کے موقع پر بتائی انہوں نے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کو بتایا کہ ہسپتال میں اس وقت ایک سرجن کے علاوہ کسی شعبہ کا سپیشلسٹ ڈاکٹر موجود نہیں ہے اس موقع پر پروکیورمنٹ آفیسر شجاعت گیلانی بجٹ اینڈ فنانس آفیسر عادل علوی اور دیگر عملہ بھی موجود تھا ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ ایم پی یو کے تحت فراہم کردہ ادویات ہسپتال میں اس وقت وافر مقدار میں موجود ہیں جبکہ ان کا استعمال سپیشلسٹ ڈاکٹر کے بغیر ممکن نہیں ہسپتال میں اس وقت 14 میڈیکل افسر مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے موجود ہیں ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر محمد مرتضی کو حکم دیا کہ وہ ہسپتال کی ضروریات کو پورا کرنے اور ہفتہ میں دو دن انتھسیزیا اسپیشلسٹ کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل کمپلیکس اور اراضی ریکارڈ سنٹر کا معائنہ بھی کیا اور وہاں موجود سائلین سے گفتگو کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو دیانت داری سے ادا کریں اور سائلین کو ہر ممکن سہولت اور انکے مسائل کو بر وقت حل کریں۔

Shares: