بیت الاسلام ویلفیئر ٹرسٹ مسمار گھروں کی تعمیر کیلئے سیمنٹ، اینٹ اور دیگر ضروری سامان فراہم کرے گا،پرویز الہیٰ

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے بیت الاسلام ٹرسٹ کے وفد نے چیئرمین مولانا عبدالستار کی سربراہی میں ملاقات کی.ملاقات میں سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری اور گھروں کی تعمیر و مرمت کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا.

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ بیت الاسلام ویلفیئر ٹرسٹ متاثرین سیلاب کی خدمت میں پیش پیش ہے، بیت الاسلام ٹرسٹ سیلاب زدہ علاقوں میں مسمار گھروں کی تعمیر کیلئے سیمنٹ، اینٹ اور دیگر ضروری سامان فراہم کرے گا، متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی میڈیکل ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ بیت الاسلام ٹرسٹ کی جانب سے متاثرین کیلئے طبی سہولتوں کی فراہمی کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے، پنجاب حکومت اور بیت الاسلام ٹرسٹ کے درمیان اشتراک کار کیلئے مشترکہ کمیٹی قائم کر دی گئی.کمیٹی میں مولانا عبدالستار، میاں محمد احسن، حافظ عمار یاسر، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹرضوان نصیر، ڈی جی پی ڈی ایم اے، حذیفہ رفیق اور سلمان حامد شامل ہوں گے.

چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ کمیٹی سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری اور گھروں کی تعمیر و مرمت کیلئے جامع پلان مرتب کرے گی، سیلاب متاثرین کے روزگار کا فی الفور بندوبست کیا جائے گا، اس ضمن میں بیت الاسلام ٹرسٹ کے ماڈل سے استفادہ کریں گے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بیت الاسلام ٹرسٹ سے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ٹرسٹ کے تعاون سے سیلاب زدگان کیلئے دسترخوان اور ان کے بچوں کیلئے تعلیمی مراکز قائم کئے جائیں گے، سیلاب زدہ علاقوں میں بیت الاسلام ٹرسٹ میٹرنٹی کیئر کنٹینر کلینک قائم کرے گا، انتظامیہ اور بیت الاسلام ٹرسٹ کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں اجناس، ادویات اور خیمے بھی فراہم کئے جائیں گے، متاثرین کے روزگار کی بحالی کیلئے قرض حسنہ دیا جائے گا۔

چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ بیت الاسلام ٹرسٹ اور انڈس ہسپتال سے تعاون کو مزید فروغ دیں گے، امداد کا صحیح حق داروں تک پہنچنا بے حد ضروری ہے، سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرہ لوگو ں کی بحالی کیلئے خدمت کا جذبہ قابل تحسین ہے، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی.

بیت الاسلام ٹرسٹ کی کارکردگی اور پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی
وفد میں چیئرمین مولانا عبدالستار، میاں محمد احسن، چیف کوآرڈینیٹر حذیفہ رفیق، ڈائریکٹر پلاننگ فراز فرید، عزیز الرحمن، سلمان حامد اور محمد رقیب شامل تھے،راسخ الٰہی، ایم پی اے حافظ عمار یاسر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجو دتھے.

Comments are closed.