بچوں کا عالمی دن، دنیا کشمیری بچوں کی حالت زار کا نوٹس لے، پاکستان

بچوں کا عالمی دن، دنیا کشمیری بچوں کی حالت زار کا نوٹس لے، پاکستان

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بچوں کے عالمی دن کے موقع پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بچوں کی حالت زار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ آج بچوں کا عالمی دن ہے، مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل میں مقیم بچےعالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی فوری توجہ کے مستحق ہیں۔ پندرہ ماہ سے زیادہ طویل محاصرے میں گھروں کے انہدام ، من مانی نظربندیاں اور طاقت کے استعمال نے مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو صدمہ پہنچایا ہے اور زندگی ، تعلیم اور صحت سے متعلق ان کے بنیادی حقوق انہیں نہیں دیئے گئے

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں مظلوم بچوں کی حالت زار پر حساس ہونا چاہئے اور ہندوستان پر زور دینا چاہئے کہ وہ اپنی غیر قانونی اور غیر انسانی پالیسیوں اور طرز عمل کو فوری طور پر بند کرے .

وادی جنت نظیر کشمیر میں غیر انسانی اور تاریخ کا طویل ترین لاک ڈاؤن جاری ہے ، جہاں بچے بھی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں ۔ خوراک ، ادویات، بچوں کیلئے دودھ تک نہیں پہنچ پا رہا ، قابض بھارتی افواج کے جرائم پر انہیں کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔

پاکستان بچوں کو ہر طرح کے استحصال ، امتیاز اور پسماندگی سے بچانے کے لئے پر عزم ہے۔ بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اس دن کا مقصد بچوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا ، بچوں کے حقوق کو فروغ دینا اور متعلقہ اداروں کے مابین یکجہتی اور بیداری کو فروغ دینا ہے۔

1989 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بچوں کے منظور شدہ حقوق کا اعلان کیا جس کے بعد 20 نومبر 1990 کو دنیا کے تقریباً 186 ممالک نے بچوں کے عالمی دن کی منظور شدہ حقوق کے مطابق باضابطہ حمایت کرکے اسے قانونی شکل دے دی اور ایک قرارداد کے ذریعے ہر سال 20 نومبر کو بچوں کا عالمی دن قرار دیا۔

اس موقع پر دنیا بھر میں اس دن کی مناسبت سے تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے جن میں والدین سے بچوں کی مناسب تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی بہتر پرورش کرنے پر بھی زور دیا جائے گا۔

Comments are closed.