ساہیوال میں بدنام زمانہ ماچھی ڈکیت گینگ نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا
باغی ٹی وی :میں بدنام زمانہ ماچھی ڈکیت گینگ کا پولیس پارٹی پر حملہ،اپنا ساتھی چھڑوانے کی کوشش میں اپنے ہی فائر سے ساتھی کو مار ڈالا،پولیس کانسٹیبل شدید زخمی۔
تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں بدنام زمانہ ڈکیت،بھتہ خور ، دھوکہ دہی اور ناجائز قبضہ میں ملوث گینگ کے کارندوں نے گزشتہ روز ہائی سٹریٹ پر نجی دوکان کو لوٹنے کی کوشش کی جس میں دوکاندار کی مزاحمت پر دو سگے بھائیوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا تھا۔مزاحمت کے دوران ماچھی گینگ کا کارندہ اعجاز عرف کالو کو دوکانداروں نے دبوچ لیا جبکہ باقی ساتھ بھاگنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔تھانہ فتح شیر کی پولیس نے اعجاز عرف کالو ماچھی کی نشاندھی پر ماچھی ڈکیت گینگ کے باقی ساتھیوں کو پکڑنے کے لیے چھاپہ مارا تو پانچ مسلح افراد نے اعجاز عرف کالو ماچھی کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔موقع پر موجود ہولیس اہلکاروں نے سٹی کنٹرول پر مقابلے کی اطلاع دی تو تھانہ فرید ٹاون اور فتح شیر کی پولیس موقع امداد کے لیے پہنچی۔ماچھی گینگ نے 25 منٹ تک پولیس پر فائرنگ جاری رکھی جس سے ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہوا اور پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا۔فائرنگ کے دوران اعجاز عرف کالو ماچھی نے بھاگنے کی کوشش کی تو اپنے ہی ماچھی ساتھیوں کی گولیوں کا شکار ہو گیا۔پولیس پر حملہ کرنے اور اعجاز عرف کالو ماچھی کو موت کے گھاٹ اتارنے ہر تھانہ فرید ٹاون میں ماچھی گینگ پر قتل اور اقدام قتل جیسی سنگین دفعات لگا کر مقدمہ درج کر لیا گیا۔