بحرین: پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بحرین میڈل – فرسٹ کلاس سے نوازا گیا
بحرین کے شاہ حماد بن عیسی آل خلیفہ کی جانب سے، بحرین کے نائب بادشاہ، شہزادہ سلمان بن حماد آل خلیفہ نے بحرین کے سکھیّر ایئر بیس پر پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بحرین میڈل – فرسٹ کلاس عطا کیا۔ یہ اعزاز ایئر چیف کو دونوں برادرانہ ممالک کے مابین فوجی تعاون اور دفاعی تعلقات کو فروغ دینے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
تقریب میں بحرین کی سول اور فوجی قیادت کے اعلیٰ ارکان نے شرکت کی۔ شہزادہ سلمان بن حماد آل خلیفہ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی بحرین بین الاقوامی فضائی شو میں پاکستان فضائیہ کے جے ایف-17 بلاک III لڑاکا طیاروں کے ہمراہ حصہ لینے پر دل سے شکریہ ادا کیا۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بحرین میڈل – فرسٹ کلاس حاصل کرنے پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بحرین کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔
بحرین بین الاقوامی فضائی شو کے دوران، یو ایس ایئر فورس سینٹرل کمانڈ (اے ایف سی این ٹی) کے کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل ڈیرک فرانس نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ایئر چیف نے دونوں اسٹریٹجک اتحادی ممالک کے مابین موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کمانڈر اے ایف سی این ٹی نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہااور مشترکہ تربیت، مشقوں اور فوجی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔
علاوہ ازیں، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بحرین کے فوجی سربراہ، فیلڈ مارشل شیخ خالد بن احمد آل خلیفہ سے بھی ملاقات کی۔