بین المدارس کھیلوں کے مقابلے،ضلع مہمند کے کھلاڑیوں نے جیت اپنے نام کر دی

پشاور میں جاری بین المدارس گیمز اختتام پذیر ہوگئے، ضلع مہمند کے کھلاڑیوں نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے والی بال اور قرات مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے جیت اپنے نام کر دی، سیکرٹری سپورٹس کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع پیر عبداللہ شاہ اور دیگر موجود تھے۔
ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس ضم اضلاع کے زیر اہتمام طہماس خان فٹبال سٹیڈیم پر منعقدہ فٹ بال فائنل میں ضلع خیبر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سب ڈویژن کوہاٹ کو 6-5 سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی، قرات مقابلوں میں ضلع مہمند کے قاری محمد احسان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پی ایس بی جمنازیم ہال میں منعقدہ والی بال فائنل میں ضلع مہمند نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سب ڈویژن پشاور کو تین دو سے شکست دیدی۔
رسہ کشی فائنل میں باجوڑ نے نارتھ وزیر ستان کو تین صفر سے ہراکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اسلامیہ کالج گراؤنڈ پر منعقدہ کرکٹ فائنل میں سب ڈویژن پشاور نے باجوڑ کو 8 وکٹوں سے ہرایا باجوڑ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 72 رنز بنائے، جواب میں پشاور نے دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کیا۔
انٹر مدارس اختتامی تقریب کے موقع پر سیکرٹری سپورٹس کپٹن(ر) مشتاق احمدنے کہا کہ ان گیمز کا مقصد مدارس کے طلباء کو کھیلوں کی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کیونکہ کھیل کود ذہنی اور جسمانی نشونما کے لئے بے حد ضروری ہے انہوں نے کہا کہ عام تاثر تھا کہ مدارس کے طلباء کھیل کود میں دلچسپی نہیں لیتے جو کہ ان گیمز میں کثیر تعداد میں طلباء کی شرکت نے یہ ثابت کردیا کہ مدارس کے طلباء کسی سے کم نہیں اور تعلمی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ کھیل کود میں بھی اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ علماء کرام کا مشکور ہوں جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا سیکرٹری سپورٹس نے کہا کہ مدارس کے طلباء کو دوسرے اداروں کے بچوں کی طرح بنیادی سہولیات میسر ہوگی اور مستقبل میں بھی بین الامدارس گیمز کا انعقاد کیا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کی طرح صوبے کے دیگر مدارس کے طلباء کے لئے بھی گیمز کا انعقاد کیا جائے گا۔

Comments are closed.