خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں گزشتہ شب دہشتگردوں کی جانب سے پولیس چوکی فتح خیل پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا، تاہم وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سجاد خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ رات گئے پیش آیا جب دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کی۔ پولیس کی فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث ایک بڑے نقصان سے بچا گیا، اور حملہ آور فرار ہوگئے۔حملے کے بعد موقع پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ آر پی او سجاد خان، ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی اور ایس پی سی ٹی ڈی آپریشنز کی قیادت کے لیے خود جائے وقوعہ پر پہنچے اور صورت حال کا جائزہ لیا۔ پولیس افسران نے اہلکاروں کا حوصلہ بڑھایا اور علاقے کی مکمل نگرانی کا حکم دیا۔پولیس کے مطابق، حملے میں ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ علاقے کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے اور کسی بھی مشتبہ فرد کی اطلاع پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

Shares: