برآمدات میں 10.64% اضافہ، تجارتی خسارے میں 5.19% کمی

ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں پاکستان کی برآمدات میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے، جب کہ تجارتی خسارے میں کمی دیکھی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2024 کے دوران برآمدات کا حجم 10 ارب 88 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 9 ارب 59 کروڑ ڈالر تھا۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں برآمدات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2024 میں برآمدات کے حجم میں سالانہ 10.64 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اکتوبر کے دوران برآمدات کا مجموعی حجم 2 ارب 97 کروڑ ڈالر رہا، جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں 2 ارب 69 کروڑ ڈالر تھا۔ ستمبر 2024 کے مقابلے میں اکتوبر میں برآمدات میں 4.90 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جب کہ ستمبر میں برآمدات کا حجم 2 ارب 83 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
برآمدات کے مقابلے میں درآمدات میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے، جو کہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران 5.17 فیصد زیادہ رہی۔ رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر 2024 میں مجموعی درآمدات کا حجم 17 ارب 85 کروڑ ڈالر رہا، جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم 16 ارب 98 کروڑ ڈالر تھا۔ تاہم، اکتوبر 2024 میں سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں 8.02 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور اس ماہ درآمدات کا حجم 4 ارب 47 کروڑ ڈالر رہا، جب کہ گزشتہ سال اکتوبر میں یہ حجم 4 ارب 86 کروڑ ڈالر تھا۔ ماہانہ بنیادوں پر بھی کمی دیکھی گئی، ستمبر 2024 کے مقابلے میں اکتوبر میں درآمدات میں 3.93 فیصد کمی ہوئی اور ستمبر کے دوران درآمدات کا حجم 4 ارب 65 کروڑ ڈالر تھا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، مالی سال کے پہلے چار ماہ میں تجارتی خسارے میں 5.19 فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے۔ جولائی تا اکتوبر 2024 کے دوران تجارتی خسارہ 6 ارب 97 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 7 ارب 39 کروڑ ڈالر تھا۔
اکتوبر 2024 میں تجارتی خسارے میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جس میں سالانہ 31.09 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔ اکتوبر میں تجارتی خسارہ 1 ارب 49 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا، جب کہ گزشتہ سال اکتوبر میں یہ 2 ارب 17 کروڑ ڈالر سے زائد تھا۔ ستمبر کے مقابلے میں بھی تجارتی خسارے میں 19.69 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ برآمدات میں اضافے اور تجارتی خسارے میں کمی سے معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق پاکستان کی برآمدات میں مسلسل اضافہ اور درآمدات میں کمی کا رجحان مثبت اشارے ہیں۔

Comments are closed.