کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

باغی ٹی وی : گلبرگ، لیاقت آباد، ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ لانڈھی،کورنگیِ نصیر آباد، یونیورسٹی روڈ،ملیر، پی آئی بی، ناظم آباد میں بھی پھوار پڑ رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی میں آج سے منگل تک تیز بارش کا امکان ہے محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی میں ایک اور طوفانی بارش کی پیش گوئی کردی گئی لیکن گزشتہ بارش کے آثار اب تک باقی ہیں، جگہ جگہ سڑکوں پر پڑنے والے گڑھے اب تک بھرے نہ جاسکے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے،بارش برسانے والا ہوا کے کم دباو کا سسٹم سندھ میں داخل ہو گیا،موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ،ہوا کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی ،دن میں درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا،مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے-

لیاقت پور اور گردونواح میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ،بارشوں کے بعد نشیبی علاقے زیر آب ہیں،جتوئی اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش،بجلی غائب ہے

واضح رہے کہ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کراچی میں صبح 8 سے 9 بجے کے درمیان تیز بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کل پورا دن شہر میں وقفے وقفے سے تیز بارش جاری رہ سکتی ہےسردار سرفراز کے مطابق کراچی میں 200 ملی میٹر یا اس سے زائد بارش کا امکان رہے گا۔

دوسری جانب چترال میں بارش کے بعد برساتی نالوں میں طغیانی نے تباہی مچادی، 10سے زائد گھرمکمل تباہ ، ضلعی انتظامیہ کئی جگہوں پر رابطہ پل بھی بہہ گئے،15گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے ،گرم چشمہ روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے ، ٹنل روڈ کلیئر کر دیا گیا، باقی جگہوں پر کام جاری ہے-

کوہلو اور گرد نواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے،پژہ اور تمبو میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش کے باعث بجلی کے مختلف فیڈر زٹرپ کرگئے-

کشمور، گڈو ،بخشاپور و اورگردونواح میں موسلا دھار بارش جاری ہے،بارش کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ،متعدد علاقوں میں بجلی بند ہے-

Shares: