بارش نے فائنل میں بھی رنگ میں بھنگ ڈال دی، بارش کے باعث ورلڈ کپ فائنل بھی تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے .

بارش نے فائنل میں بھی رنگ میں بھنگ ڈال دی لندن میں اتوار کی صبح اچانک شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور لارڈز میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ فائنل میچ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔

لارڈز میں پچ اور بولنگ رن اپ کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔ کورز پر پانی کھڑا ہوا ہے اور اسے وقفے وقفے سے وائپرز کی مدد سے صاف کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بارش کی وجہ سے تماشائی بھی بڑی تعداد میں نہیں آسکے ہیں اور ہر جانب چھتریاں دکھائی دے رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح 10 بجے کے بعد بارش کی شدت میں بتدریج کمی آئے گی اور موسم بہتر ہوجائے گا۔ اوئن مورگن کی قیادت میں انگلینڈ کو فائنل کے لئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ فائنل کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں اور زبردست جوش و خروش نظر آرہا ہے۔

دونوں ٹیموں نے کبھی ورلڈ کپ نہیں جیتا ہے اس لئے جو بھی جیتے گا، نیا چیمپئن سامنے آئے گا۔ ورلڈ کپ کے تمام ایڈیشنز میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ دو ایسی ٹیمیں ہیں جو اب تک کوئی بھی ورلڈ کپ اپنے نام نہیں کر سکیں۔

لارڈ ز کے میدان پر ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں جیت جس بھی ٹیم کا مقدر بنی، تاریخ ضرور رقم ہو گی۔ انگلینڈ اب تک تین ورلڈ کپ کے فائنل کھیل چکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا یہ لگاتار دوسرا فائنل ہو گا۔

لارڈز میں1979میں انگلینڈ کو فائنل میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی جبکہ 1992کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ جیتا تھا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مسلسل دوسری بار فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ 2015 کے ورلڈ کپ فائنل میں کیویز کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار میگا ایونٹ میں تاریخی گراؤنڈ لارڈز میں آمنے سامنے ہوں گی ۔دونوں ٹیمیں ابھی تک کوئی ورلڈ کپ نہیں جیت پائیں۔

دوہزار گیارہ اور 2015 کے ورلڈ کپ میں میزبان ٹیموں نے کامیابی حاصل کی۔ 2011 میں بھارت اور 2015 میں آسٹریلیا ورلڈ چیمپیئن بنا۔ ایک بار پھر ایسا موقع آیا ہے کہ میزبان انگلینڈ کی ٹیم اپنی سرزمین پر فائنل کھیل رہی ہے۔

Shares: