محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہےاس دوران چند مقامات پر تیز/موسلادھاربارش کی توقع ہے۔ وسطی اور جنوبی پنجاب،جنوب مشرقی سندھ اور شمال مشرقی / جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، مری، گلیات، سیالکوٹ، لاہور، شیخوپورہ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، منڈی بہاؤ الدین، فیصل آباد، لیہ، بھکر، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں بارش کی توقع ہے،خانیوال، بہاولنگر اور بہاولپور میں چند مقاما ت پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے بارکھان، رکھنی، کوہلو، موسی ٰخیل، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، سبی، قلعہ عبداللہ،کوئٹہ، زیارت، بولان، ژوب، قلات اور مستونگ میں بارش جبکہ خضدار اور گرد و نواح میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

سندھ کے ساحلی علاقوں سمیت کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے، تھرپارکر، عمر کوٹ، مٹھی، سانگھڑ اور میر پور خاص میں بارش ہونے کی توقع ہےدیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، خیبر، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، ہنگو، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اورکرم میں بارش کا امکان ہے جبکہ وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہےگلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 5 سے 11 جولائی کے دوران موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر پراوِنشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق مسلسل بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی، اربن فلڈنگ اور لینڈسلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، کولائی پالس کوہستان، تورغر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ اور ڈی آئی خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ دریائے چترال، دریائے سوات، دریائے پنجکوڑہ اور دریائے کابل میں بھی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، دیر، چترال، شانگلہ، کوہستان، ملاکنڈ اور مانسہرہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حساس علاقوں کی مقامی آبادی کو فوری طور پر الرٹ کیا جائے جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہےعوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

بلوچستان کے 20 اضلاع میں 4 جولائی سے 8 جولائی تک مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کا امکان ہےپی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے 20 اضلاع شیرانی، ژوب ، زیارت، موسیٰ خیل، دکی، لورالائی، ہرنائی، سبی، بارکھان، نصیر آباد، اوستا محمد، قلات ،لسبیلہ ، سوراب، خضدار ، آواران، صحبت پور ، جعفر آباد، ڈیرہ بگٹی اورکوہلو میں 4 جولائی سے 8 جولائی تک بارشوں کا امکان ہےپی ڈی ایم اے حکام کے مطابق بارشوں سے صوبے کے کچھ علاقوں میں آبی ریلوں کا خدشہ ہے ، سیاح اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں جب کہ شہری ڈیم اور پکنک پوائنٹس سے دور رہیں۔

Shares: