برطانیہ میں سمندری طوفان نے تباہی مچا دی
باغی ٹی وی :برطانیہ بھی اس وقت آفات سماوی کا شکار ہے. برطانیہ میں سمندری طوفان ڈینس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، سیلاب سے دریا کا بند ٹوٹ گیا۔ ملک بھر میں 300 سے زیادہ وارننگز جاری کی جا چکی ہیں، اب تک 4 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔
برطانیہ میں طوفان ڈینس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، بارشوں کی وجہ سے دریاؤں کی سطح بلند ہو چکی ہے۔ سمندری طوفان ڈینس سے آنے والے سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں جنہیں محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔ پورے برطانیہ میں سیلاب کی 300 سے زائد وارننگز جاری کی جا چکی ہیں۔اسکاٹ لینڈ میں ایک کار سیلابی ریلے میں بہہ گئی، تاہم کار میں موجود 2 افراد کو بچا لیا گیا، حکام نے ہدایات جاری کی ہیں کہ لوگ سفر سے گریز کریں۔ ورسسٹر شائر میں ایک 55 سالہ شخص کی لاش ملی، پولیس کے مطابق مرنے والے کی کار سیلاب میں بہہ گئی تھی۔
واضحرہے کہ برطانوی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے ایک فنڈنگ سکیم کا اجرا بھی کر دیا ہے، جس میں ناٹنگھم شائر، لیسسٹر شائر، ڈربی شائر، شروپ شائر، ٹیلفورڈ، ریکن، ورسسٹرشائر اور ہیرفورڈشائرکے متاثرہ علا قے شامل ہیں۔ بیلون سکیم کے تحت مقامی اتھارٹیز حکومت سے امدادی رقم کی تقسیم کیلئے رجوع کر سکتی ہیں۔ ماحولیاتی ایجنسی پر فلڈز اینڈ کوسٹل منیجمنٹ کے سربراہ جان کرٹن کے مطابق اتوار کے روز بھی انگلینڈ کیلئے متعدد فلڈ وارننگز جاری کی گئی تھیں۔ جس کے بعد پیر تک کے لئے جاری وارننگز کی تعداد 634 ہو گئی ہیں۔ ویلز میں 50 فلڈ وارننگز اور الرٹس جاری کئے گئے جبکہ سکاٹ لینڈ میں 20 سے زائد وارننگز جاری ہوئیں۔ دریائے ٹیمس پر ورسسٹرشائر، ہیرفورڈ شائر اور سشروپ شائر جبکہ دریائے وائی پر ہیرارفورڈ شائر میں شدید سیلاب کی وارننگز بھی جاری کی گئی ہیں۔ اتوار کے روز بڑے واقعات سائوتھ ویلز اور انگلینڈ کے کئی علاقوں میں پیش آئے۔