ٹھٹھہ : والدین اپنے بچوں کوحفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں – منور عباس سومرو

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی)والدین اپنے بچوں کو مختلف وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں – منور عباس سومرو
حفاظتی ٹیکے لگانے کیلئے ویکسنیٹرز کے گھر گھر موجودگی والے عمل کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے – ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹھٹھہ
ٹھٹھہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون منور عباس سومرو نے کہا ہے کہ مستقبل کے معماروں کو مختلف وبائی امراض سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت اور افادیت کے متعلق عوام میں آگاہی اور شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولیات تک رسائی ہر بچے کا بنیادی حق ہے جبکہ بروقت مناسب ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے، اس ضمن میں ویکسینیٹرز کی گھر گھر موجودگی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ ہر بچے تک ویکسین کی رسائی ممکن بناکر بچوں کو مختلف وبائی امراض سے بچایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے مشترکہ تعاون سے ضلع ٹھٹہ میں عالمی حفاظتی ٹیکوں کا ہفتہ منانے کے حوالے سے عوام میں آگاہی اور شعور بیدار کرنے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حفاظتی ٹیکوں کے متعلق تمام متعلقہ محکموں اور این جی اوز کے ساتھ مل کر سرکاری و نجی اسکولوں سمیت ان مقامات پر آگاہی مہم چلائیں جہاں پر زيادہ تعداد میں کمیونٹیز موجود ہوں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں ٹیکوں کی اہمیت اور افادیت کے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگواکر اپنی حمایت کا اظہار کریں اور بچوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنائیں۔ انہوں نے این جی اوز کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ مہم کے دوران ضلع کے مختلف 450 دیہاتوں میں 4048 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کیلئے انکاری والدین کو ویکسینیشن کی اہمیت و افادیت کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے محکمہ صحت کی معاونت کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں بھی ٹیکے لگواکر مختلف بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔ قبل ازیں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ضلعی فوکل پرسن ای پی آئی ڈاکٹر نظیر احمد اور این اسٹاپ کے ڈاکٹر راجیش کمار نے بتایا کہ عالمی حفاظتی ٹیکوں کا ہفتہ منانے کا مقصد لوگوں میں خسرہ، روبیلا، بڑی کھانسی، جھٹکہ، ہیپاٹائٹس، ٹی بی و دیگر مختلف وبائی امراض سے بچاء کے متعلق حفاظتی ٹیکوں کی افادیت سے آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ والدین اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوا کر انہیں بیماریوں سے محفوظ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں 24- اپریل سے آگاہی واک اور کیمونٹی اجلاسز منعقد کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں شعور بیدار کیا جا سکے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ مینیجر یونیسیف اعجاز جاکھرو، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نیاز احمد میمن، محکمہ تعلیم، لوکل گورنمنٹ، انفارمیشن و دیگر متعلقہ افسران سمیت مرف کے ڈاکٹر داؤد ہیلایو، این آر ایس پی کے ڈاکٹر آکاش عباسی، پراجیکٹ آفیسر آر ٹی پی، پی پی ایچ آئی کے محمد حسن، سوشل آفیسر سافکو منیر احمد، ڈسٹرکٹ مینیجر آغا خان یونٹ زاہد سومرو کے علاوہ ٹی کے ایف، ڈبلیو ڈبلیو و دیگر محتلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

Leave a reply