بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ میں شریک ہونے والوں کے لئے اہم ہدایات جاری
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رائیونڈ،جاتی امرا روڈ کو دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا
بیگم شمیم اختر کے جنازہ میں شرکت کے لیے آنے والوں کو شریف سٹی گراوَنڈ پہنچنے کی ہدایات کی گئی ہیں،جنازہ میں شرکت کے لیے آنے والوں کو ماسک پہننے کی ہدایات بھی کی گئی ہیں، شرکا کو سماجی فاصلے کا خیال رکھنے کی بھی ہدایات کی گئی ہیں،نمازجنازہ میں ن لیگی رہنما و کارکنان شریک ہوں گے،
شریف میڈیکل سٹی میں بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں،عوام کیلئے الگ انٹری گیٹ بنایا گیا ہے،شریف فیملی اور وی آئی پیز کیلئے الگ گیٹ بنایا گیاہے،نمازجنازہ کیلئے شریف میڈیکل سٹی کی گراﺅنڈ میں انتظامات کئے گئے ہیں ۔
بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ کے موقع پر لاہور پولیس کی سکیورٹی ہائی الرٹ ہے،ایک ایس پی ،3 ڈی ایس پیز،8 ایس ایچ اوزاور61 ماتحت تعینات کئے گئے ہیں،ڈولفن سکواڈ، پی آر یو ٹیمیں ،افسران بھی ڈیوٹی پرمامورہیں۔ڈولفن سکواڈ،پی آر یو ٹیمیں،تھانوں کے افسران و جوانوں سمیت 500 سے زائد اہلکارفرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنزاشفاق خان کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ ڈولفن سکواڈ،پی آر یو ٹیمیں،تھانوں کی گاڑیاں، جاتی امراء،شریف کمپلیکس اور دیگر مقامات پر موثر پٹرولنگ کر رہی ہیں۔ مازجنازہ کے شرکاء کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے۔کورونا خدشات کے پیش نظر نمازِ جنازہ میں شریک شہری فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔
قبل ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت لندن سے جاتی امرا پہنچا دی گئی۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے دیگر ن لیگی رہنماؤں نے بیگم شمیم اختر کی میت ائرپورٹ پر وصول کی۔ جس کے بعد میت کو جاتی امرا پہنچایا گیا۔
والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے حکومت نے شہباز شریف کو جیل سے 5 روز کے لئے رہا کر دیا ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے 5 روز کےلئے پیرول پر رہاکرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیاتھا ، جس کے مطابق شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی 27نومبر سے 1 دسمبر تک ہوگی۔