بہن کی ٹیچر سے تلخ کلامی؛ بھائی نے سرکاری گرلز اسکول پر فائرنگ کردی.
راولپنڈی میں بہن کی اسکول ٹیچر سے تلخ کلامی کے بعد بھائی نے سرکاری گرلز اسکول پر فائرنگ کردی ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ جاتلی کے علاقے میں پیش آیا جہاں ملزم نوید نے اسکول پر فائرنگ کی۔ فائرنگ سے اسکول کے مرکزی دروازے میں سوراخ ہوگئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نوید کی بہن اسکول میں ملازمہ رہ چکی ہے جس کی اسکول ٹیچر سے تلخ کلامی ہوئی تھی، ملازمہ کے بھائی نے اسکول پر اسی وجہ سے فائرنگ کی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، مقدمہ درج کرکے ملزم گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں دری اثنا سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔
مقاامی تھانہ کے پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ ملزم ایک لوفر ٹایپ لڑکا تھا جس نے اپنی بدمعاشی دکھانے کیلئے حرکت کی لیکن پولیس انہیں اب گرفتار کرکے قانون کے مطابق سبق سکھائے گی کیونکہ انہوں نے انتہائی غلط حرکت ہے اور اس حرکت سے کسی کی جان بھی جاسکتی تھی لہذا ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا.
یاد رہے کہ اس سے قبل کلرسیداں میں گھریلو ناچاکی پر ملزم نے دو خواتین کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا تھا دہرے قتل کا واقعہ راولپنڈی کے تھانہ کلر سیداں کی حدود میں پیش آیا تھا جہاں رشید نامی شخص نے اپنی تایا زاد زینت بیگم اور سابقہ سالی شہناز کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی کر خودکشی کرلی تھی۔ خیال رہے کہ رشید نے گھریلو ناچاکی پر اپنی اہلیہ کو ایک سال قبل طلاق دے دی تھی جس کے بعد سے خاندان میں کشیدگی چل رہی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اسی تنازے پر ملزم نے سالی کے گھر جاکر رائفل سے فائرنگ کرکے سابقہ سالی شہناز اور تایا زاد بہن زینت بیگم کو قتل کیا، بعدازاں ملزم گھر گیا اور کمرہ بند کرکے خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ ڈی ایس پی کہوٹہ طاہر سکندر کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے فرانزک شہادتیں اکھٹی کرکے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا ہے۔