چنیوٹ (باغی ٹی وی، نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لالیاں کے نواحی علاقے میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے 200 کلوگرام سے زائد بیمار جانور کا انتہائی مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ گوشت مختلف ہوٹلوں پر سپلائی کیا جانا تھا، تاہم فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اسے ضبط کر کے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے اس حوالے سے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گزشتہ روز شہر بھر میں 119 فوڈ بزنسز کا معائنہ کیا۔ اس دوران حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں، ایکسپائرڈ مصنوعات کے استعمال اور خوراک کے ناقص معیار پر 19 فوڈ بزنسز کو مجموعی طور پر 117000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید کارروائی کرتے ہوئے ٹیموں نے 30 لیٹر ملاوٹی دودھ اور 3 کلوگرام ایکسپائر شدہ اشیاء بھی ضبط کر کے تلف کروا دیں۔

ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے واضح کیا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور کسی بھی قسم کی ملاوٹ یا مضر صحت اشیاء کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Shares: