بیرون ملک مقیم شائقین کرکٹ کے لیے بُری خبر

عمان (مسقط- نمائندہ باغی ٹی وی)  پاک بھارت بڑے ٹاکرے سے قبل پی ٹی وی اسپورٹس کی بندش پر شائقین کرکٹ شدید غصے اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے لیے کرکٹ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ دیکھنا بھی مشکل ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے واحد قومی اسپورٹس چینل Ptv Sports نے چند روز قبل اپنی نشریات کو فری آن ائر ہونے سے روک دیا تھا جس کے باعث بیرون ممالک میں مقیم لاکھوں پاکستانی کرکٹ شائقین ورلڈ کپ کے میچز اپنے قومی چینل پر دیکھنے سے محروم ہو گئے۔ اب میچز دیکھنے کا واحد ذریعہ ڈش ٹی وی پر ہندوستانی اسپورٹس چینل ہیں۔ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ ہندوستانی اسپورٹس چینل بالخصوص اسٹار اسپورٹس ہندی پر میچ دیکھتے ہوئے شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب ہندوستانی کمنٹیٹرز کے تعصب بھرے تبصرے سننے پڑتے ہیں۔ جبکہ باقی انگریزی کمنٹری والے چینلز پر بھی پاکستان مخالف اشتہارات اور تضحیک آمیز جملے ہر اوور کے بعد مسلسل دیکھنے اور سننے کو ملتے ہیں۔ جس کے باعث میچ کا مزہ کرکرا ہو جاتا ہے۔ شائقین کرکٹ نے وزیراعظم عمران خان سے Ptv Sports کی بندش کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسپورٹس چینل کی فری آن ائر نشریات کو فوراً بحال کیا جائے تاکہ بیرون ملک مقیم لاکھوں پاکستانی اپنے قومی چینل پر میچ کو دیکھ سکیں۔ یاد رہے اس سے پہلے ن لیگ کی گزشتہ دور حکومت میں Ptv Sports کو فری آن ائر سے روک دیا گیا تھا جسے تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد دوبارہ فری آن ائر کیا گیا تھا جو اب ورلڈ کپ کے دوران دوبارہ سے آف کر دیا گیا ہے۔

Comments are closed.