بھارت اور پی ٹی آئی نے پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کی مخالفت کی، مفتاح اسماعیل

0
43

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہر ملک نے ووٹ دیا، صرف بھارت نے نہیں دیا، یہ لمحہ فکریہ ہے کہ بھارت اور پی ٹی آئی نے پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کی مخالفت کی۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ان لوگوں نےاوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے، شوکت ترین سے جھگڑا نے کہا کہ ہم بلیک میل کر رہے ہیں، ایک آدمی جھوٹ بول رہا ہے، ٹیپ سامنے آگئی تو چپ رہنا چاہیے، نچلے درجے کی سیاست کر رہے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اسد عمر خود تو 9 ماہ آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کرسکے، میں یہ نہیں کہتا کہ بھارت اور پی ٹی آئی کا ایک ہی ایجنڈا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کیا یہ دو دن بعد خط نہیں لکھ سکتے تھے، یہ میرے پاس آئے اور کہا کہ آئی ایم ایف کو خط نہیں لکھا، میں نے چیک کروایا تو ایک گھنٹے بعد خط آئی ایم ایف کے پاس آچکا تھا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ تیمور جھگڑا نے مجھ سے کہا کہ جو رقم دی ہے وہ تنخواہوں کیلئے کم ہے، جھگڑا صاحب آئے ان کو میں نے کہا کہ سیاست پر کوئی بات نہیں کروں گا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ گلگت بلتستان اور کشمیر ہم سے پوچھ کر پوسٹ کریئٹ کرتے ہیں، ہائیڈل کے پیسے عمران خان کے زمانے کے تھے، میں نےآئی ایم ایف سے جو پروگرام کیا ہے اس میں غلطی ہے تو بتائیں، آپ بلیک میل اور پروگرام کو ڈی ریل کرنے کا کہہ رہے ہیں، شرم نہیں آتی، کیا عمران خان چاہتا ہے ملک دیوالیہ ہوجائے؟

وزیر خزانہ نے کہا کہ شوکت ترین مسلسل جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، اگر شوکت ترین یہ سب کچھ نہیں کرتے تو خط نہیں آتا، لمحہ فکریہ ہے آپ نے پروگرام کو ڈی ریل کرنے کا سوچا، پی ٹی آئی والے قوم سے معافی مانگیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں نے اور شہباز شریف نے ملک کو بچانے کیلئے تنقید برداشت کی، آئی ایم ایف نے 4 بلین انویسٹمنٹ لانے کا کہا، ہم 5 بلین لائے، سعودی عرب، قطر، یو اے ای سے سرمایہ کاری کروائی جبکہ چین سے ڈھائی ارب ڈالر کی ڈپازٹ کروائی، یقین ہے نواز شریف اور اسحاق ڈار مجھ سے خوش ہیں، ہم نے سب کچھ ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنا بڑا سیلاب نہیں آیا، 28 ارب روپے این ڈی ایم اے کو دیے ہیں، آئی ایم ایف نے آج بھی پاکستانیوں سے ہمدردی کی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ یقیناً اس پروگرام کی شرائط میں نرمی ہوگی، جو مسائل ہوں گے ان سے نمٹیں گے، آئی ایم ایف سے بات کریں گے، تین چار ملین ٹن گندم امپورٹ کرلیں گے، دالیں اور سبزیاں بھی امپورٹ کرلیں گے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ کل سے روپیہ مستحکم ہوگا، پورا پاکستان ڈوب گیا ہے اور منگلا ڈیم نہیں بھرا، ہم نے امپورٹ پر کنٹرول رکھا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک سے بات ہوئی، گورنر اسٹیٹ بینک کو کہا ہے جن بینکوں نے کرنسی سے متعلق غلطی کی ہے ان پر جرمانہ کریں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کوئی دو رائے نہیں کہ ملک میں بہت مہنگائی ہے، قوم کے سامنے شرمندہ ہوں کہ مہنگائی کنٹرول نہیں کرسکے، ٹماٹر تین سے چار سو روپے کلو ہوگیا ہے، سبزیاں امپورٹ کریں گے، تاکہ قیمتوں میں ٹھہراؤ آئے، مہنگائی نے لوگوں کی کمرتوڑ دی ہے۔

Leave a reply