بھارت کے سب سے بڑی کافی چین ’کیفے کافی ڈے‘ (سی سی ڈی) کے بانی ومالک سدھارتھ کی لاش 36 گھنٹے کی تلاش کے بعد منگلور کے قریب نیتراوتی ندی سے ملی۔ سدھارتھ پیر کی رات سے لاپتہ تھے۔
منگلور پولیس کمشنر سندیپ پاٹل کے مطابق بدھ کی صبح لاش کو دریا میں بہتا ہوا دیکھا گیا۔ لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سدھارتھ کی لاش اس مقام سے پانچ کلومیٹر دور سے ملی جہاں انہیں آخری بار دیکھا گیا تھا۔ سدھارتھ کے ڈرائیور کے بیان کے بعد ان کے خود کشی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔ کوسٹ گارڈ کی ٹیم اور دیگر ایجنسیوں کے 200 سے زیادہ اہلکار منگل کی صبح سے مسٹر سدھارتھ کی تلاش کر رہے تھے۔