بھارت کے پانی چھوڑنے سے پنجاب میں سینکڑوں دیہات زیرآب،فصلیں تباہ،انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی ہم منصب کو خط لکھ دیا

0
75

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیکڑوں دیہات زیر آب آ گئے ہیں اور ہزاروں ایکڑ پر کاشت کی ہوئی چاول سمیت دیگر فصلیں مکمل تباہ ہو گئی ہیں۔

باغی ٹی وی : بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی سے دریائے راوی، دریائے اوج، نالہ بئیں، نالہ ڈیک اور نالہ بسنتر بپھر گئے، بہاو لپور اور جھنگ کےقریب دریائے چناب میں نچلےدرجے کا سیلاب آ گیا سیلابی صورتحال کے نتیجے میں سیکڑوں دیہات اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں سیلابی پانی کی زد میں آگئی۔

دوسری جانب بھارت کی جانب سے دریائے راوی میں 2 لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کی خبروں پر انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا ہے ، جس میں پانی چھوڑے جانے سے متعلق بروقت آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے اپنے بھارتی ہم منصب کو خط میں کہا ہے کہ بھارتی میڈیا میں گورداس پور انتظامیہ کی جانب سے 2 لاکھ کیوسک پانی دریائے راوی میں چھوڑے جانے کا پیغام نشر کیا ہے۔ اتنی بڑی مقدارمیں پانی چھوڑے جانے پر ہمیں اپنی طرف بھی حفاظتی اقدامات کرنے ہوں گے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ دریائے راوی کے اطراف تعمیرات، انسانی جانوں اور مویشیوں کی حفاظت کے انتظامات کرنا ہوں گے، اس لیے دریائے راوی میں کتنا پانی پاکستان پہنچے گا اس حوالے سے بروقت بتایا جائے ۔

خط میں بھارتی کمشنر سے سے کہا گیا ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے فوری طور پر جواب دیں انڈس واٹر کمشنر نے خط میں تحریر کیا ہے کہ سیلابی ریلہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں داخل ہونے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ بھارت ماضی میں بھی متعدد مرتبہ سیلابی ریلے کو اچانک پاکستان کی جانب سے چھوڑ چکا ہے جس کی وجہ سے ملک میں بہت زیادہ نقصانات ہوئے تھے کیونکہ گاؤں و دیہات ڈوب گئے تھےکھڑی فصلیں تباہ ہو گئی تھیں اور رابطہ سڑکیں بہہ گئی تھیں بھارت کی جانب سے قلت آب کے دوران عالمی قوانین کو پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستان کے پانی کو روکے جانے کی گیدڑ بھبھکیاں بھی ملتی رہی ہیں۔

دوسری جانب گاج ندی میں طغیانی کےبعد کاچھو کے زیرآب علاقوں کا ایک ہفتہ بعد بھی زمینی رابطہ بحال نہ ہو سکادریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے بعد کوٹ مٹھن کے مقام پر دریائے سندھ سے 3 لاکھ 70 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان کےعلاقے دتہ خیل میں شدید بارشوں سے دریائے ٹوچی میں بھی سیلابی ریلے سے کئی مقامات پر حفاظتی بند ٹوٹ گئے ہیں-

Leave a reply