بھارت نے مزید 25 ہزار فوجی مقبوضہ کشمیر بھیج دیئے، چند روز پہلے بھی 10 ہزار فوجی مقبوضہ وادی بھیجے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے جنت نظیر وادی میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کا گھناؤنا منصوبہ بنا لیا۔ علاقے کا خصوصی درجہ ختم کرنے کے کیس آرٹیکل 35 اے کی سماعت جلد متوقع ہے۔ اسی کے پیش نظر بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مزید 25 ہزار فوجی بھیج دئیے۔ 280 کمپنیوں پر مشتمل یہ فوجی سری نگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں تعینات کیے جائیں گے۔

ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھارتی آئین سے آرٹیکل 35 اے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اضافی بھارتی اہلکاروں کی تعیناتی کا مقصد وادی میں ممکنہ ردعمل اور مظاہروں کو روکنا ہے۔
مودی سرکار آرٹیکل 35 اے کو ختم کرنا چاہتی ہے جس کے تحت غیر ریاستی بھارتی باشندے جموں و کشمیر میں جائیدادیں اور زمینیں خرید سکیں گے جس سے متنازع خطے میں مسلم اکثریت خطرے میں پڑ جائے گی۔

Shares: