بھارت میں بی جے پی کے دوبارہ برسر اقتدار آتے ہی این آئی اے نے کشمیری حریت رہنماﺅں اور سرگر م کشمیریوں کو بھارتی جیلوں میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کر لی۔ جے کے ایل ایف لیڈر محمد یٰسین ملک، شبیر احمد شاہ، سیدہ آسیہ اندرابی، مسرت عالم بٹ ، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین اور دیگر درجنوں لیڈر پہلے ہی ہندوستانی جیلوں میں قید ہیں۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کشمیری میڈیا نے ذرائع کے حوالہ سے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت سرکار نے حریت رہنماﺅں کو بھارتی جیلوں میں منتقل کرنے کے سلسلہ کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حریت رہنماﺅں اورسرگرم کارکنوں کو مقبوضہ وادی سے باہر بھارتی جیلوں میں منتقل کرنا بھارتی حکومت کی پالیسی ہے۔
کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کا یہ خیال ہے کہ دو درجن سے زائد مزید حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کو تہاڑ ، جھانسی، آگرہ اور دیگر بھارتی ریاستوں کی جیلوں میں منتقل کیا جائے اور یہ عمل بہت جلد شروع کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، سیدہ آسیہ اندرابی، مسر ت عالم بٹ، الطاف احمد شاہ، راجہ معراج الدین کلوال ، پیر سیف اللہ، نعیم احمد خان ، فارو ق احمد ڈار، ایاز اکبر، شاہد الاسلام ، عبدالحمید فیاض ، مولانا مشتاق احمد ویری ، فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین سمیت بڑی تعداد میں حریت رہنماﺅں ، کارکنوںکو پہلے ہی نئی دہلی کی تہاڑ اور دیگر جیلوں میں بند کر رکھا ہے۔