بالی ووڈ کی سینئر اور نامور اداکارہ شبانہ اعظمی ریاست مہاراشٹرا ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شبانہ اعظمی کی گاڑی کو مہاراشٹرا کے ضلع ریگاد میں ممبئی پونے ایکسپرس وے پر حادثہ پیش آیا
حادثہ ہفتے کی سہ پہر تقریباً ساڑھے تین بجے ممبئی سے تقریباً 60 کلومیٹر دور کھالاپور کے قریب پونے ایکسپریس وے پراُس وقت پیش آیا جب وہ اپنے شوہر جاوید اختر کے ساتھ سفر کررہی تھیں کہ اُن کی کار ایک ٹرک سے ٹکراگئی
حادثے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا اگلا حصہ مکمل تباہ ہوگیا بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق جاوید اختر خیریت سے ہیں تاہم شبانہ اعظمی شدید زخمی ہیں حادثے میں ایک نامعلوم خاتون بھی زخمی ہوئی ہے
ریگاد کے سپرنٹنڈنٹ پولیس انیل پرسکار نے کہا کہ شبانہ اعظمی کو فوری طور پر ممبئی کے ایم جی ایم ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ہائی وے پولیس پٹرولنگ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں
شبانہ اعظمی نے گذشتہ روز اپنے شوہر اور معروف نغمہ نگار جاوید اختر کی 75 ویں سالگرہ منائی تھی اس موقع پر جاوید اختر کے اعزاز میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا، جس کی تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بھی بنی تھیں
واضح رہے کہ شبانہ اعظمی کو 1998 میں پدما شِری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جبکہ وہ 5 بار نیشنل فلم ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں