بھارتی بحریہ کا طیارہ تباہ ہوگیا
بھارتی بحریہ کا بغیر انجن طیارہ کریش ہو گیا جس میں سوار دو نیوی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق گلائیڈر طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ کیرالہ میں کوچی کے مقام پر گر کر تباہ ہوا۔ حادثہ بھارت کے مقامی وقت صبح 7 بجے پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچی اور پائلٹوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے دونوں نیوی اہلکاروں کی موت کی تصدیق کی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں پائلٹ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ بھارت کی سدرن نیول کمانڈ نے حادثے کی بورڈ آف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
قبل ازیں بھارتی فضائیہ کے طیارے بھی حادثات کا شکار ہوتے رہے ہیں۔ مئی 2020 میں بھارتی ایئر فورس کا طیارہ مگ 29 تربیتی پرواز کے دوران جالندھر کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ دو ہزار اٹھارہ کے بعد بھارتی ایئر فورس کے 13 طیارےگر کر تباہ ہو چکے ہیں۔
گزشتہ سال فروری اور مارچ کے دوران بھارتی فضائیہ کے مجموعی طور 10 جنگی طیارے تباہ ہوئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اربوں مالیت کے طیاروں میں سے چار فنی خرابیوں کے باعث، دو آپس میں ہی ٹکرانے سے تباہ ہوئے جبکہ دو پاکستانی فضائیہ نے مار گرائے تھے۔