بھارتی ٹی وی کی سینئر اداکارہ شگفتہ علی کام نہ ہونے کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار ہو گئیں انہوں نے ساتھی فنکاروں سے مدد کی درخواست کی ہے۔

باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا کے مطابق 54 سالہ اداکارہ شگفتہ علی ان دنوں سخت مالی مشکلات کا شکار ہیں اس کے علاوہ وہ صحت کے مسائل سے بھی دوچار ہیں جس کی وجہ سے ان کی زندگی بہت مشکل ہوگئی ہے۔

اداکارہ شگفتہ علی نے بتایا کہ گزشتہ 4 برسوں سے انہیں انڈسٹری میں بہت کم مل رہا ہے اور جو بھی کام انہیں ملا وہ عملی شکل تک نہیں پہنچ پایا۔

اداکارہ شگفتہ علی نے بتایا میں نے شوبز انڈسٹری میں کام کا آغاز 17 سال کی عمر سے کیا تھا، آج میری عمر 54 برس ہے اور اس پورے عرصے میں گزشتہ 4 برس میری زندگی کے سب سے بدتر سال رہے ہیں۔

اداکارہ نے کہاکہ کسی نے میری مدد نہیں کی اور نہ ہی کسی کو یہ معلوم ہے کہ میں کتنی زیادہ مالی مشکلات کا شکار ہوں یہاں تک کہ زندگی گزارنے کے لیے مجھے اپنے استعمال کی بہت ساری چیزیں بیچنی پڑیں۔

اداکارہ شگفتہ علی نے بتایا کہ انہوں نے مالی مشکلات کے پیش نظر اپنی کار اور زیور بیچ دئیے یہاں تک کہ وہ ڈاکٹر کے پاس بھی آٹو رکشہ میں جاتی ہیں یہ سب ان کے لیے بہت تکلیف دہ ہے کیونکہ وہ ہمیشہ سے ایک سیلف میڈ شخصیت رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا جب وہ انڈسٹری میں آئی تھیں انہیں کسی کی سپورٹ نہیں تھی۔ انہوں نے جو بھی کام کیا اپنی محنت سے حاصل کیا۔ تاہم اب وہ مشکل دور سے گزرر ہی ہیں۔

اداکارہ شگفتہ علی نے درخواست کرتے ہوئے کہا انہیں مالی مدد اور زندگی کو آگے بڑھانے کے لیے کام کی ضرورت ہے کیونکہ اب ان کے پاس بیچنے کے لیے بھی کچھ نہیں بچا۔

Shares: