بھیرہ
کرونا وائرس قدرتی آفت ہے اس سے نبٹنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے حکومت لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ زراعت اور چھوٹے کاروباری طبقہ کے لئے بھی پیکج تیار کر رہی ہے۔یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی چوہدری ندیم افضل چن نے گورنمنٹ اے آئی ماڈل ہائی سکول بھیرہ میں قائم احساس ایمرجنسی کیش سنٹر کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر واثق عباس ہرل، ہیلتھ کونسل کے رکن چوہدری طارق امیر، چن گروپ کے ترجمان ملک انتسام بلال، اظہر محمود گوندل ایڈووکیٹ اور چوہدری محمد اسحاق کے علاوہ بینظیر انکم سپورٹ کے افسران بھی تھے۔ چوہدری ندیم افضل چن نے کہا کہ وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت ایمرجنسی کیش کے ذریعہ متاثرہ افراد کی مالی امداد کی جارہی ہے ایگریکلچر اور چھوٹے کاروباری طبقہ کے لئے بھی ایک پیکج تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مستحقین کو یقین دلایا کہ حکومت اس نازک گھڑی میں ان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔چوہدری ندیم افضل چن نے سنٹر میں مستحقین کو دی جانے والی سہولیات پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سنٹر میں مستحقین کی عزت نفس کا جس طرح خیال رکھا جا رہا ہے و ہ دوسروں کے لئے باعث تقلید ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت بینظیرانکم سپورٹ کارڈ رکھنے والے چار ہزار سے زائد مستحقین اب تک سنٹر سے امداد حاصل کر چکے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن اور دفعہ 144 کی پابندی کریں اور زیادہ سے زیادہ اپنے گھروں میں قیام کریں۔کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کا یہی بہترین حل ہے۔

حکومت لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ زراعت اور چھوٹے کاروباری طبقہ کے لئے بھی پیکج تیار کر رہی ہے ندیم افضل چن
Shares: