بھوپال:بھوپال:کرونا سے اموات میں اضافہ : قبرستان میں جگہ کم پڑگئی،اطلاعات کے مطابق مدھیہ پردیش میں حکومت اور انتظامیہ کی تمام کوششوں کے باوجود کورونا مریضوں کی نہ صرف تعداد میں اضافہ جاری ہے بلکہ شرح اموات میں بھی اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھوپال میں یوں تو 23 قبرستان موجود ہیں جس میں سے جھدا قبرستان کو کورونا سے ہونے والی موت کی تدفین کے لئے ریزرو کیاگیا ہے۔

جھدا قبرسان 26 ایکڑ زمین پر پھیلا ہوا ہے۔ اس کے ایک دروازے سے عام بیماریوں سے ہونے والی موت کے بعد میت کو لاکر دفن کیا جاتا ہے جبکہ دوسرے دروازے کو صرف کورونا سے ہونے والی میت کو لانے اور دفن کرنے کے لئے استعمال کیاجاتا ہے۔

جھدا قبرستان میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد میں اتنا اضافہ ہو گیا ہے کہ قبرستان میں جگہ کی کمی محسوس ہونے لگی ہے۔ یہی نہیں جو زمین بچی ہے وہ اتنی پتھریلی ہے کہ اس کی کھدائی کرنے پر صرف پتھر باہر نکلتے ہیں۔ ایسے میں قبرستان کے اندر تدفین کے لئے مٹی کی بھی بہت کمی ہوگئی ہے۔

کورونا سے ہونے والی اموات کو دیکھتے ہوئے قبرستان کمیٹی نے ایڈوانس میں نہ صرف قبروں کو کھودنے کا سلسلہ شروع کیا ہے بلکہ جے سی بی مشین سے قبریں کھودی جا رہی ہیں تاکہ یہاں آنے والی میت کی تدفین میں ہونے والی مشکلات سے لوگوں کو بچایا جا سکے۔

جھدا قبرستان کمیٹی کے صدر ریحان گولڈن کہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کے زمانے میں ضلع انتظامیہ نے جھدا قبرستان کو کووڈ ۱۹ سے ہونے والی موت کی تدفین کے لئے ریزرو کیا تھا۔ پہلے بھی جس طرح سے کورونا سے موتیں ہوئی تھیں اس کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ اور حکومت دونوں سے قبرستان کے لئے نئی جگہ دینے کی گزارش کی گئی تھی مگر حکومت اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس سمت میں کوئی پہل نہیں کی گئی ہے۔

جھدا قبرستان کمیٹی کے صدر ریحان گولڈن کہتے ہیں کہ اب ہمارے پاس بمشکل 80 سے 90 قبروں کی جگہ بچی ہے۔ ایک ایک دن میں کووڈ۔19 سے ہونے والی کئی کئی موتوں کے سبب گورکن کم ہونے سے قبریں تیار کرنے میں مشکلات آرہی تھیں اس لئے جے سی بی مشین سے ایڈوانس میں قبروں کے کھودنے کا عمل جاری ہے۔

یہی نہیں یہاں پر قبرستان میں جو جگہ بچی ہوئی ہے اس میں پتھر کی بڑی بڑی چٹانیں موجود ہیں۔ انہیں کھودنے کے بعد نیچے سے پتھر نکلتے ہیں۔ جبکہ قبر میں مردے کو دفن کے لئے مٹی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہمیں جگہ کے ساتھ مٹی کی بھی سخت ضرورت ہے۔ اگر حکومت اور انتظامیہ نے اس جانب توجہ نہیں دی تو آنے والے دنوں میں مشکلات میں اور اضافہ ہو گا۔

Shares: