اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام چوتھی قومی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 23 اگست سے کراچی میں شروع ہو گی۔ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں.

تفصیلات کے مطابق پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام چوتھی قومی روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ 23 اگست سے کراچی میں شروع ہو گی۔ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور چیمپئن شپ میں نو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان،اسلام آباد، پی او ایف واہ، پاکستان واپڈا،ایس ایس جی سی اور پاکستان آرمی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ چیمپئن شپ 25 اگست تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ قومی کوچ سردار نزاکت علی نے کہاہے کہ ملک میں سائیکلنگ کے ٹیلنٹ کے کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں تو انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملک کے ہر کونے دیہاتی اور شہری علاقوں میں چھوٹے سے لے کر بڑے بچے اور بچیاں سائیکل چلا رہی ہیں۔ دیہاتی سطح پر اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کےلئے حکومت کو یونین سطح اقدامات کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سائیکلسٹ نے انٹرنیشنل سطح پر کئی میڈلز حاصل کر رکھے ہیں اور مزید میڈلز حاصل کرنے کےلئے حکومت اور فیڈریشن کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کو بہت کم گرانٹ ملتی ہے اور حکومت کو پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی سالانہ گرانٹ میں اضافہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کی تیاری کےلئے ٹیموں کے تربیتی کیمپ اپنے اپنے علاقوں میں جاری ہیں اور کھلاڑی بھر پور تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

Shares: