بجلی بل؛ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ پر مزید 9 پیسے اضافہ
بجلی کی قیمت میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 9 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا گیا ہے.
بجلی کی قیمت میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 9 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا گیا، جس کے نتیجے میں صارفین پر ایک ارب 10 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا نے ستمبر کی ایف سی اے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی۔ اس سلسلے میں اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
قبل ازیں سی پی پی اے کی جانب سے ستمبر کے لیے 20 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگا گیا تھا۔چیئرمین نیپرا نے سماعت کے دوران کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا فرق پڑرہا ہے۔اگر یہ سلسلہ چلتا رہا تو آئندہ مہینوں میں بجلی سستی ہوگی۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ایل این جی کے زائد یا کم استعمال کا کمرشل آڈٹ کیا جائے اور یہ دیکھا جائے کہ اس اقدام سے صارفین کو کیا فائدہ ہوا۔
دوسری جانب گزشتہ دنوں نیپرا نے کے الیکٹرک کو بجلی کے چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 12 روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی. جس میں نیپرا (نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی) نے کہا تھا کہ کے الیکٹرک نے نیپرا کو چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 14 روپے 53 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی، اتھارٹی نے 31 اگست کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر عوامی سماعت کی بعدازاں کے الیکٹرک کی مالی سال 22-2021ء کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی۔ نیپرا کے مطابق حکومت پورے ملک میں یکساں ٹیرف برقرار رکھتی ہے اور ٹیرف میں فرق کو سبسڈی کے ذریعے ایڈجسٹ کیا جاتا ہے۔